• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہلا رضا نے پی ڈی ایم جلسےکی جگہ خادمِ رضوی کے جنازے کی تصویر شیئر کردی

پیپلزپارٹی کی رہنما اور سندھ کی وزیر برائے وومن ڈویلپمنٹ سیدہ شہلا رضا نے لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے بجائے تحریک لبیک پاکستان کے سابق سربراہ علامہ خادم حسین کی نماز جنازہ کی تصویر شیئر کردی۔

 شہلا رضا نے سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر پی ڈی ایم جلسے کی تصاویر شیئر کیں لیکن سوشل میڈیا صارفین کو یہ غلطی نکالنے میں چند ہی منٹ لگے کہ تصویر میں منسلک دو تصویروں میں سے ایک تصویر علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ کی تھی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں یہ بھی لکھا کہ ’یہ ایک گھنٹہ قبل کے جلسہ گاہ کے مناظر ہیں اور سلیکٹڈ کو اندازہ ہوگیا تھا، جب ہی مستقبل کی مصروفیات ڈھونڈ لی اور دھوپ میں بیٹھ کر وقت گزارا۔‘

شہلا رضا کی جانب سے غلط تصویر شیئر کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین  انہیں تنقید کا نشانہ بنا رہے تھے ایسے میں انہوں نے وضاحت دی کہ یہ تصویر سوشل میڈیا سے ہی لی تھی لیکن اس کا مجھے نہیں پتہ تھا کیونکہ میں کراچی میں ہوں۔


بعدازاں شہلا رضا نے سینیٹر شیری رحمان کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا جس میں انہوں نے جلسے کی ویڈیو لگائی ہوئی تھی، اس پر انہوں نے لکھا کہ لاہور میں بھی حکومتی، تعزیے، ٹھنڈے ہوگئے۔

خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا لاہور میں جلسہ ہوا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی جبکہ حکومت کی جانب سے جلسے کو ناکام شو قرار دیا گیا۔

تازہ ترین