شوبز چھوڑ کر مذہب کی طرف راغب ہونے والی سابقہ بھارتی اداکارہ ثناء خان کہتی ہیں کہ اُنہوں نے آج سے ایک ماہ قبل مفتی انس سے شادی کرکے اپنی زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ لیا تھا۔
ثناء خان نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی زندگی کے اُس خاص موقع کی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ مفتی انس کا نام اپنے نام کے ساتھ جوڑنے کے لیے شریعت کے قائم کردہ اصولوں کے مطابق حامی بھر رہی ہیں یعنی نکاح کے کاغذات پر اپنے دستخط کر رہی ہیں۔
سابقہ بالی ووڈ اداکارہ نے انسٹاگرام پر یہ خوبصورت ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’آج سے ایک ماہ قبل میں نے قبول ہے کہا تھا۔‘
اُنہوں نے اللّہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’الحمداللّہ ہماری شادی کو ایک ماہ گُزر گیا ہے اور میری دُعا ہے ایسے ہی ہنستے مُسکراتے یہ پوری زندگی نکل جائے۔‘
ثناء خان نے کہا کہ ’مفتی انس سے شادی کرنا میری زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ تھا۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جو دوپٹہ اُنہوں نے زیب تن کیا ہوا ہے یہ اُن کی ساس نے خصوصی طور پر ثناء خان کے لیے تیار کیا تھا۔‘
ثناء خان 45 منٹ پہلے ہی انسٹاگرام پر یہ ویڈیو پوسٹ کی ہے اور اتنی سی دیر میں اس ویڈیو پر ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد لائکس آچکے ہیں جبکہ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
خیال رہے کہ ثناء خان نے گزشتہ ماہ بھارتی ریاست گجرات سے تعلق رکھنے والے مفتی انس سے شادی کی تھی۔
بگ باس سیزن 6 سے شہرت پانے والی بالی ووڈ کی سابقہ اداکارہ ثناء خان نے اپنی شادی سے قبل اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وہ اپنی زندگی انسانیت کی خدمت میں اور اللّٰہ تعالیٰ کے احکامات کے مطابق گُزاریں گی۔
ثناء خان نے ماڈلنگ، ڈانس اور اداکاری سے بالی ووڈ میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا، اُنہوں نے سال 2012ء کے بگ باس سیزن 6 میں بھی حصہ لیا تھا جہاں سے اُنہیں شہرت ملی تھی۔