کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث یورپی ممالک کے بعد سعودی عرب نے بھی برطانیہ سے فضائی اور بحری رابطے معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
یورپی ممالک فرانس، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، جرمنی، بیلجیئم، آسٹریا، بلغاریہ، ترکی اور اٹلی نے برطانیہ پر مکمل سفری پابندیاں عائد کر دی ہیں۔
فرانس کی جانب سے سرحد بند کرنے کے بعد لندن کی ڈوور بندرگاہ پر قائم فیری ٹرمینل بند کر دیا گیا۔
صورتحال پر مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے آج یورپی یونین کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔
کورونا وائرس کی نئی قسم وی یو آئی بیس بیس بارہ کی انگلستان میں اسی ماہ شناخت کی گئی ہے۔
برطانوی لیبارٹریوں کے مطابق کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
ادھر برطانوی وزیر صحت ہینکوک نے کہا ہے کہ کینٹ کے علاقے میں کورونا وائرس کی نئی قسم زیادہ دیکھنے میں آئی اور وہیں کورونا وائرس کے کیس مزید پھیلے ورنہ باقی علاقوں پر لاک ڈاؤن کا مثبت اثر ہوا۔
دوسری جانب برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے لندن سمیت مشرقی انگلستان کے شہریوں پر اپنا علاقہ چھوڑنے پر پابندی لگا دی ہے۔