کامیڈین اداکار یاسر حسین اپنی اہلیہ اقرا عزیز کی تعریف کرنے میں کنجوسی سے کام نہیں لیتے ایسے میں حال ہی میں انہوں نے مسلسل تین ایوارڈز اپنے نام کرنے پر اہلیہ کو مبارک باد تو دی مگر مثال وسیم اکرم کی دے ڈالی۔
یاسر حسین نے فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی اہلیہ اداکارہ اقرا عزیز کے ساتھ تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ آپ بہترین اداکارہ کے ساتھ ساتھ ایک اچھی دوست اور بیوی بھی ہیں، مجھے آپ پر فخر ہے۔
گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی لکس اسٹائل ایوارڈ جیتنے پر یاسر نے اپنی مخصوص زندہ دلی کے ساتھ اہلیہ کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ پسندیدہ کرکٹر وسیم اکرم کو بھی یاد کرڈالا۔
یاسر نے کیپشن میں یہ بھی لکھا کہ ’کسی بھی سطح پرہیٹ ٹرک ایک زبردست کامیابی ہے۔ مبارک ہو بیگم، 2 سال میں بہترین اداکارہ کے 3 لکس ایوارڈز، ایسی ہیٹ ٹرک تو وسیم اکرم کی بھی نہیں ہوئی تھی۔‘
یاسر کی اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اقرا نے بھی جوابی تعریف کرنے میں دیر نہیں لگائی اور لکھا کہ ’ہمیشہ مجھے سپورٹ کرنے اور میرے لیے موجود رہنے کا شکریہ، آپ نے مجھے اتنی طاقت اور پیاردیا ہےکہ یہ سب غیر حقیقی محسوس ہوتا ہے۔‘