• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کسی بھی قسم کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے باز رہے، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ  بھارت اوچھے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت کسی بھی قسم کے غیر ذمہ دارانہ اقدامات سے باز رہے، بھارت نے پاکستان کے خلاف کوئی مہم جوئی کی تو جواب ملے گا۔

زاہد حفیظ چوہدری نے  میڈیا بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ ای یو ڈس انفولیب نے پاکستان مخالف بھارتی ایجنڈے کو بے نقاب کیا، بھارت کی جانب سے کشمیریوں کی جدوجہد کو کچلنے کا سلسلہ جاری ہے، مقبوضہ وادی کی صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت اشتعال انگیزی کر رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ حالیہ ڈوزئیرمیں بھارت کی پاکستان میں تخریب کاری، اس کی منصوبہ بندی، مالی امداد، رابطوں کو بے نقاب کیا گیا، بھارت کو سوچ لینا چاہیےکہ ایسی مہمات ماضی میں ناکام ہوئیں اور اب بھی ہوں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ٹی وی چینل پر برطانیہ کا جرمانہ بی جے پی حکومت کے پاکستان مخالف مہم کا عکاس ہے، بھارتی ٹی وی کے اینکر ارنب گوسوامی نے پاکستان کے خلاف نفرت آمیز زہر اگلا، بھارت پاکستان مخالف ایجنڈے کو ریاستی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہاہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا تھا کہ قابض بھارتی مقبوضہ وادی میں نوجوانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، برطانوی ریگولیٹر کے اقدام سے بھارت کا چہرہ بے نقاب ہوا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کا بریفنگ کے دوران بتانا تھا کہ بھارت میں پاکستانی ہندوں کے پاکستانی ڈاکٹرکی موجودگی میں پوسٹ مارٹم کی اجازت نہیں دی گئی، پاکستانی ہائی کمشن نے اس متعلق باقاعدہ درخواست کی تھی،  پاکستان نے بھارت سے پوسٹ مارٹم رپورٹ، جائے وقوعہ کی تصاویر، بیانات طلب کیے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کےمقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور کریک ڈاؤن کو 500 سے زائد دن ہو چکے ہیں، حالیہ جعلی محاصرے اور سرچ آپریشن میں 2 بچوں کے والد ظہیرعباس لون کو شہید کیا گیا، مقبوضہ کشمیرمیں قتل عام سےتوجہ ہٹانے کے لیے بھارت ایل اوسی پرجنگ بندی کی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا ہے کہ رواں برس بھارت نے جنگ بندی کی 3012 خلاف ورزیاں کیں، بھارت کی ان خلاف ورزیوں میں 28 نہتے شہری شہید ہوئے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری نے مزید کہا کہ  پاکستان عالمی برادری سے نوٹس لینے کی اپیل کرتا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران مزید بتایا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے متحدہ عرب امارات کا دو روزہ دورہ کیا ہے، دورے میں اماراتی حکام سے عالمی و باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا، پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان باہمی مشاورت کا دور منعقد ہوا جس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے پاکستان کی نمائندگی کی۔

ترجمان دفترخارجہ نے مزید بتایا کہ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے نگورنوکاراباخ کی تاریخی فتح پر آزربائیجان کو مبارکباد پیش کی ہے۔

تازہ ترین