• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کو سیاست کا کوئی تجربہ نہیں، وہ غصے میں بات کرتی ہیں، فواد چوہدری


وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو سیاست کاکوئی تجربہ نہیں وہ غصے میں بات کرتی ہیں، مریم نواز کی باتوں میں تلخی تمام اداروں کے لیے ہے وہ سب سے ناراض ہیں۔

مریم نواز کی تقریر پر رد عمل دیتے ہوئے  فواد چودھری نے کہا کہ مریم نواز یہ جواب دینے کو تیار نہیں کہ اربوں روپے جو ان کے اکاؤنٹس سے گئے 32 کمپنیاں بنیں وہ پیسے کہاں سے آئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ان کی سیاست صرف عمران دشمنی پر کھڑی ہے اس لیے لوگوں نے ان کو مسترد کیا، پی ڈی ایم ٹوٹ رہی ہے نوازشریف اور فضل الرحمٰن کے بیانیے سے پیپلزپارٹی نے فاصلہ اختیار کیا۔

انہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کی پارٹی میں ٹوٹ پھوٹ ہوئی اس کا سلسلہ یہاں نہیں رکے گا ن لیگ تک جائے گا۔

 فوادچودھری نے کہا کہ مریم نواز کی سیاست اس پارٹی کو ہی لے ڈوبی ہے، مریم نواز کے تمام بیانات جھوٹ پر مبنی ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ الٹی میٹم حکومت کو دے رہے تھے اور قدم ان کے اپنے لڑکھڑا رہے ہیں، اپوزیشن کی تحریک عملی طور پر ختم ہوچکی ہے لاہور ان کے لیے واٹرلو ثابت ہوا ہے۔


فوادچودھری نے کہا کہ اپوزیشن کی کمزوری کے مد نظر ہمیں اپنی پالیسی میں سختی لانے کی ضرورت نہیں، میں حق میں ہوں کہ حکومت اپوزیشن کو اس مشکل سے نکلنے کا راستہ دے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کیلیے پی ڈی ایم، ن لیگ ، مریم نواز یا بلاول چیلنج نہیں ، ان کے کہنے پر کوئی استعفا نہیں دے گا یہ صرف شوپیس ہیں۔

 فوادچودھری نے کہا کہ بات چیت کے لیے پارلیمان بہترین فورم ہے ،ہم چاہتے ہیں ایسا انتخابی نظام لایا جائے جس پر کوئی انگلی نہ اٹھا سکے، عمران خان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کرتے ہیں۔

تازہ ترین