پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پہلی بار ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے ظلم کے سامنے جھکنے سے انکار کردیا، جن کے پاس عوام کی طاقت ہوتی ہے وہ کسی ادارے کی طرف نہیں دیکھتے، ہمیں کیا اپنی طرح سمجھتے ہو جو بار بار امپائر کی انگلی کی طرف دیکھا کرتے تھے۔
سکھر میں مسلم لیگ ن کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کی ایک ہی کوالیفکیشن ہے ہاتھ باندھ کر تابعداری کرنا۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو ضرورت نہیں کہ فوج سے کہے کہ تختہ الٹ دو، اپوزیشن کے پاس عوام کی طاقت ہے، کسی کو نکالنے کے لیے کسی سے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جب بھی جمہوریت کے لیے قربانیاں دینے کی بات ہوگی، نواز شریف کا نام آئے گا، جس شاندار ملتان سکھر موٹروے پر سفر کرکے آئی ہوں، وہ نواز شریف نے بنائی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ آج نواز شریف کی حکومت نہیں تو ملک میں غربت کے ڈیرے ہیں، نواز شریف دوبارہ اقتدار میں آئے تو ترقی کا سفر وہیں سے شروع ہوگا جہاں سے ٹوٹا تھا۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی مخالفین کو چور کہنے والا ڈھائی سال بعد کہتا ہے حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی، جب تمھاری تیاری نہیں تھی تو بائیس کروڑ عوام کی زندگیوں سے کھیلنے کی کیا ضرورت تھی۔
مریم نواز نے کہا کہ ان کی حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی، لیکن چوری کرنے کی پوری تیاری تھی، کون کہتا تھا کہ ملک میں مہنگائی ہو تو حکمراں چور ہوتا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عوام کے ساتھ جو جھوٹ بولے، وہ تمھارے ہی سامنے آرہے ہیں، اپنے دماغ سے غلط فہمی دور کرلو کہ تم منتخب ہو۔