• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جھوٹے بیان حلفی کے اپنے نتائج، واوڈا جواب دینے سے شرما کیوں رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ

واوڈا جواب دینے سے شرما کیوں رہے ہیں، اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد(آئی این پی ) اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا نااہلی کیس میں الیکشن کمیشن کے نمائندہ کو ریکارڈ سمیت طلب کر تے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وفاقی وزیر کا رویہ درست نہیں۔

نوٹس کی کاپی کابینہ کو بھجوا دیتے ہیں، جھوٹا بیان حلفی جمع کرانے کے اپنے نتائج ہیں، پاکستان کا امریکا کے ساتھ دہری شہریت کا کوئی معاہدہ نہیں، پاکستانی شہریت سرینڈر ہو جاتی ہے،فیصل واوڈا جواب دینے سے شرما کیوں رہے ہیں۔ 

جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے شہری میاں فیصل کی جانب سے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ 

درخواست گزار کے وکیل جہانگیر جدون نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں اب تک 16 سماعتیں ہو چکی ہیں، ابھی تک جواب ہی داخل نہیں کرایا، عدالت نے پوچھا تھا کہ آپ اگر دہری شہریت رکھتے تھے تو وہ کس دن ترک کی؟۔ 

جسٹس عامر فاروق نے فیصل واوڈا کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ جواب جمع کرانے سے کیوں شرما رہے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ فیصل واوڈا نے جواب جمع کرایا ہے اور نااہلی کیس خارج کرنے کی استدعا کی ہے۔ 

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے کلائنٹ کا رویہ درست نہیں، عدالتی نوٹس کی کاپی کابینہ کو بھجوا دیتے ہیں کہ وہاں سے جواب آ جائے، آپ یہ بتائیں کہ آپ کا موکل شہری تھا ؟ آپ کی پارٹی کی تین ارکان اسمبلی کے خلاف پٹیشن تھی، اچھی معاونت ملی تو پٹیشن خارج ہو گئی۔

تازہ ترین