• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کی ناکامی پر تعزیت کرتا ہوں، شبلی فراز


کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم احتجاج کی ناکامی پرتعزیت کرتا ہوں، پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کی گئی، جنرل مشرف نے این آر او دیا پیپلز پارٹی اور ن لیگ این آر او لینے والے تھے، وزیراعظم کی پی پی اور ن لیگ کو دیگر ممالک کی فنڈنگ کی بات میں وزن اور معلومات ہیں۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، ن لیگ نے بیرون ملک سے ناجائز ذرائع سے کوئی فنڈنگ نہیں لی، فارن فنڈنگ کیس الیکشن کمیشن کی نئی ٹیم کا امتحان ہے، آئین کا دفاع کرنے کیلئے سینیٹ کا میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے، سینیٹ کھلاچھوڑ دیا تو پی ٹی آئی دوتہائی اکثریت لے کر آئین کا حلیہ بگاڑ دے گی۔وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے باہر پی ڈی ایم احتجاج کی ناکامی پرا حسن اقبال سے تعزیت کرتا ہوں، پی ڈی ایم تحریک میں ناکام جلسوں کا ایک لامتناہی سلسلہ جاری ہے، پی ٹی آئی کی صورت پہلی دفعہ کسی سیاسی جماعت کو سپورٹ کرنے کیلئے بیرون ملک پاکستانیوں نے چندہ جمع کرنے کی روایت ڈالی، بیرون ملک سے پیسہ بینکنگ ٹرانزیکشن کے ذریعہ قانونی طریقے سے آتا تھا، پی ٹی آئی واحد پارٹی نہیں باقی جماعتیں بھی غیرملکی فنڈنگ سے متعلق ریکارڈ پیش کریں۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اکاؤنٹس میں منی لانڈرنگ کی گئی، دونوں جماعتیں لوگوں سے بھاری رقوم لیتی ہیں اور حکومت میں آکر ان کی ناجائز باتیں مانتی ہیں، فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے میں تاخیرکی وجہ پی ٹی آئی نہیں ہے، ن لیگ اور پیپلز پارٹی بتائیں اپنے ادوار میں فارن فنڈنگ کیس پر توجہ کیوں نہیں دی، بیرون ملک پاکستانی نمل یونیورسٹی اور شوکت خانم اسپتال کیلئے فنڈز اکٹھے کرتے ہیں تو اس میں کیا برائی ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کی وجہ معیشتیں بحران کا شکار ہیں، ن لیگ ترقی کی شرح 5.7پر چھوڑ کر گئی تھی تو ملک کو کیوں آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا، براڈ شیٹ معاملہ میں ن لیگ اور پی پی نے این آر او لیا اسی وجہ سے ملک کو اتنا بڑا نقصان ہوا، وزیراعظم کی پی پی اور ن لیگ کو دیگر ممالک کی فنڈنگ کی بات میں وزن اور معلومات ہیں۔ شبلی فراز کا کہنا تھا کہ براڈ شیٹ کیس ثابت کرتا ہے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو ماضی میں این آر او ملا، اس وقت ان کے سامنے آئے اثاثے پکڑے جاتے تو آج یہ جیلوں میں بیٹھے ہوتے، نعیم بخاری کو عدالت کے فیصلے پر سرکاری ٹی وی سے ہٹایا ہے، کابینہ کمیٹی نے براڈ شیٹ کے معاملہ پر انکوائری کمیٹی بنادی ہے۔

تازہ ترین