• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر دھماکا، تحقیقات موساد کرے گی، ایرانی شہریوں کی چھان بین

نئی دہلی (جنگ نیوز )بھارت میں اسرائیلی سفارتخانے کے باہر ہونےوالے دھماکے کی تحقیقات اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کرے گی،دھماکے کے مقام سے ملنے والے ایک خط میں ایران کے مقتول جوہری سائنسدان محسن فخری زادے کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں اسرائیل کے سفارت خانے کے باہر ہونے والے دھماکے کے بعد اسرائیل کی خفیہ ایجنسی ‘موساد’ تحقیقات کے لیے نئی دہلی آ رہی ہے۔دہلی پولیس کے ایڈیشنل پی آر او انل متل کے مطابق کم طاقت والا بم دھماکہ جمعہ کی شام کو پانچ بج کر پانچ منٹ پر ہوا جس سے تین گاڑیوں کے شیشے ٹوٹے۔دھماکے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی مزید املاک کو نقصان پہنچا۔دھماکے کے مقام کے قریب سے ایک لفافہ بھی ملا ہے جس میں اسرائیل کے سفیر کے نام ایک خط تھا۔ اس میں دھماکے کو ‘ٹریلر’ بتایا گیا ہے اور انتقام لینے کی بات کی گئی ہے۔خط میں ایران کے جنرل قاسم سلیمانی اور جوہری سائنس دان محسن فخری زادے کا بھی ذکر ہے۔واقعے کے بعد بھارت میں اسرائیل کے سفیر ڈاکٹر رون ملکا نے بھارت کے نشریاتی ادارے ‘انڈیا ٹوڈے’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سفارت خانے کے تمام لوگ محفوظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک دہشت گرد دھماکہ تھا۔اسرائیل کے سفیر کے مطابق وہ بھارت کی حکومت کے ساتھ مل کر یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ اس میں کون لوگ ملوث ہیں۔مبینہ طور پر اس واردات سے ایران کے تعلق کے شبے کی وجہ سے دہلی پولیس دارالحکومت میں موجود تمام ایرانیوں کی تفصیلات جمع کر رہی ہے۔دہلی کے تمام ہوٹلوں سے رابطہ قائم کیا جا رہا ہے اور وہاں مقیم ایرانیوں کی تفصیلات طلب کی جا رہی ہیں۔دہلی ایئر پورٹ اور دیگر حساس مقامات پر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

تازہ ترین