رومانیہ کے میوزک بینڈ ’ایکسنٹ‘ کے لیڈ گلوکار ایڈریان سینا بھی پاکستانی پاوری گرل دنا نیر کے ڈائیلاگز کے دیوانے ہوگئے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر رومانوی گلوکار ایڈریان سینا نے اپنی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں وہ کسی برفیلے علاقے میں موجود ہیں۔
رومانوی گلوکار نے اپنی ویڈیو میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے سب سے پہلے انگریزی زبان میں اپنا تعارف کروایا کہ ’ہائے میں ایکسنٹ ہوں۔‘
اُس کے بعد اُنہوں نے پاوری گرل دنا نیر کا منفرد انداز اپناتے ہوئے اُردو زبان میں کہا کہ ’یہ برف ہے اور میں پاوری کررہا ہوں۔‘
رومانوی گلوکار کے اس پاوری انداز کو ٹوئٹر صارفین خوب سراہا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں ایک نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود ہوتی ہے اور کہتی ہے کہ ’یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پارٹی ہو رہی ہے۔‘
لڑکی کے بولنے کا انداز اور لب و لہجہ ایسا تھا کہ ویڈیو صارفین کو بھا گئی اور چند ہی گھنٹوں میں وائرل ہوگئی، یہ ویڈیو ناصرف پاکستان بلکہ بھارت میں بھی کافی مقبول ہورہی ہے۔
پاکستان میں وائرل ہونے کے بعد ’یہ ہماری پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو سرحد کے اُس پار بھی اس قدر مقبول ہوئی کہ دیکھتے ہی دیکھتے یہ ویڈیو گانے میں تبدیل ہوگئی۔
معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی کی ایک اس دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا ہے۔
پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دانا نیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔
دنا نیر کے ڈائیلاگز کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔