• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینیٹ الیکشن، وزیراعظم ناراض ارکان کو منانے کے مشن پر، کسی پیراشوٹر کو سینیٹر نہیں بنائیں گے، عمران خان

کسی پیراشوٹر کو سینیٹر نہیں بنائیں گے، عمران خان


اسلام آباد (نمائندہ جنگ)وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری تحریک انصاف کے پنجاب سے ناراض ممبر صوبائی اسمبلی خرم سہیل لغاری کو منانے میں کامیاب ‘ وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران خرم لغاری کو ان کے حلقہ کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر نے کی یقین دہانی کرا دی جبکہ عمران خان نے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیں گے‘کسی پیرا شوٹر کو سینیٹر نہیں بنائیں گے۔تفصیلات کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت گزشتہ روز تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے سینیٹ انتخابات کے لیے دی گئی ٹکٹوں پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے‘ ذرائع کے مطابق سندھ سے سیف اللہ ابڑو اور فیصل واوڈا کی ٹکٹیں واپس ہونے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا سے نجیب اللہ خٹک اور فیصل سلیم سے بھی ٹکٹیں واپس لی جاسکتی ہیں ۔ اجلاس میں سندھ سے فیصل واوڈا کو سینیٹ کا ٹکٹ دیے جانے پر بعض اراکین پارلیما نی بورڈ نے تحفظات کا اظہارکیا ۔ ذرائع کے مطابق کارکنوں کے یہ جذبات وزیر اعظم کو پہنچائے گئے کہ فیصل واوڈا نااہلی سے بچنے کیلئے سینیٹر بننا چاہتے ہیں‘پارٹی کارکنوں کے تحفظات کے بعد وزیراعظم نے ٹکٹوں میں تبدیلی کا عندیہ دیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے پارٹی ٹکٹ میرٹ پر دیں گے‘پارٹی کارکنان کی خواہشات کا احترام کرتے ہیں۔ کسی پیرا شوٹر کو سینیٹر نہیں بنائیں گے‘چاروں افراد پر الزامات کی خود تحقیقات کروں گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ 24 گھنٹوں میں متوقع ہے۔ 

تازہ ترین