• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاوری سانگ نے میرے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے: یشراج مکھاٹے

تین جملوں پر مبنی’پاوری ہورہی ہے‘ ویڈیو پر گانا تیار کرنے والے معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے کہتے ہیں کہ اُن کے ’پاوری سانگ‘ نے اُن کی مقبولیت کے تمام اگلے پیچھلے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ’لوگ مجھے سانگ تیار کرنے کے لیے دلچسپ ویڈیوز بھیجتے ہیں اور پاوری ویڈیو بھی مجھے ایک صارف نے انسٹاگرام پر بھیجی تھی۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’جب میں نے دنانیر کی پاوری ویڈیو دیکھی تو پاوری سانگ  تیار کرنے کے لیے فوراََ اپنے اسٹوڈیو میں چلا گیا۔‘

یشراج مکھاٹے نے کہا کہ ’میں نے دو سے تین گھنٹے محنت کرکے ’پاوری سانگ‘ تیار کیا اور اپنے یوٹیوب چینل پر اپلوڈ کردیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’میرا یہ پاوری سانگ کچھ ہی دیر میں اس قدر وائرل ہوا کہ اس نے میرے تمام اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ دیے۔‘

بھارتی میوزک کمپوزر نے کہا کہ ’میں نے اپنا پاوری سانگ دنانیر کو بھی بھیجا اور اُنہیں بھی یہ اس قدر پسند آیا کہ اُنہوں نے اس پر ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردی۔‘

یشراج مکھاٹے نے دنانیر کو سراہاتے ہوئے کہا کہ ’میں دنانیر کی اس ویڈیو سے بہت متاثر ہوا ہوں، اُن کے تین جملوں نے سوشل میڈیا پر ایک مزاحیہ تہلکہ مچادیا ہے، ہر ایک انسان اس سے بہت لطف اندوز ہورہا ہے۔‘

واضح رہے کہ معروف بھارتی میوزک کمپوزر یشراج مکھاٹے، جو ٹی وی شوز اور فلموں کی ویڈیو کلپس کو مضحکہ خیز گانوں میں تبدیل کرنے کے لئے مشہور ہیں، اُنہوں نے پاکستانی لڑکی دنانیر کی تین جملوں پر مشتمل دلچسپ ویڈیو کو بھی ایک گانے میں تبدیل کردیا۔

یشراج مکھاٹے نے اس گانے کی ویڈیو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں مزاحیہ انداز میں لکھا تھا کہ ’میں آج سے پارٹی نہیں کروں گا صرف پاوری کروں گا کیونکہ جو مزہ پاوری کرنے میں ہے، وہ مزہ پارٹی کرنے میں نہیں ہے۔‘


بھارتی میوزک کمپوزر نے اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اُن کو اس ویڈیو کو گانے میں تبدیل کرنے کا مشورہ دیا تھا۔

یشراج مکھاٹے نے یہ ویڈیو بنانے والی پاکستانی لڑکی دنانیر کو بھی خوب سراہا۔

خیال رہے کہ پاکستان، بھارت سمیت دیگر ممالک میں اس ویڈیو کو خوب پسند کیا جارہا ہے اور لوگ بھی دنانیر کا یہ انداز فالو کرتے ہوئے ویڈیوز بنا رہے ہیں۔

دنانیر کے وہ ڈائیلاگز جو شہرت کا باعث بنے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے

ان تین جملوں کو پسند کرتے ہوئے پاکستانی شوبز ستارے بھی اپنے دوستوں کے ساتھ یہ ویڈیوز بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں۔

تازہ ترین