پاوری گرل کے نام سے شہرت پانے والی دنانیر مبین نے اپنی حالیہ سوشل میڈیا پوسٹ سے صارفین کو کشمکش میں مبتلا کردیا۔
دنانیر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی نئی تصویریں شیئر کیں جن میں اُنہوں نے پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ اُن کے ہاتھ میں جو مشروب ہے اُس کا رنگ بھی پیلا ہی ہے۔
پاوری گرل نے اپنی یہ دلکش تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’پیلا موسم کا آفیشل رنگ ہے۔‘
اُنہوں نے اپنے مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ ’کیا آپ اندازہ لگاسکتے ہیں کہ آگے کیا آرہا ہے؟
دنانیر نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں پشاور زلمی کے ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کیا۔
پاوری گرل کی یہ پوسٹ اور کیپشن پڑھنے کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ دنانیر بھی پاکستان سُپر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر بننے والی ہیں تاہم ابھی تک جاوید آفریدی یا دنانیر کی جانب سے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
دنانیر کیسے مقبول ہوئیں؟
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:
یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے
دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔
دیکھتے ہی دیکھتے دنانیر کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور نامور ٹی وی چینلز پر دنانیر کو انٹرویو کے لیے خصوصی طور پر مدعو بھی کیا گیا۔