مسلم لیگ ق کے رہنما اور پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پاکستانیوں کے دل مکہ اور مدینہ میں دھڑکتے ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی سے سعودی عرب سے آئے ہوئے میاں عبدالرحمٰن نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
وفد میں محمد خان بھٹی، مفتی شہباز عالم، عبدالکبیر آزاد اور میاں محمد طارق بھی شامل تھے۔
انہوں نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو کلید بردار خانہ کعبہ ڈاکٹر صالح زین العابدین کا پیغام پہنچایا کہ خانہ کعبہ میں پاکستان کی سلامتی اور چوہدری شجاعت کی صحت کیلئے دعا کی گئی ہے۔
اس موقع پر پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ پاک، سعودی عرب تعلقات مذہبی اور دوستانہ بنیادوں پر قائم ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلمانوں کیلئے سعودی عرب سے بڑھ کر مقدس اور کچھ نہیں، پاکستانی کورونا وائرس کے باعث عمرہ کی سعادت حاصل کرنے سے عارضی محروم ہیں، دعا گو ہیں کہ اس موذی مرض سے جلد نجات حاصل ہو۔