پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اسد عُمر نے بھی پاوری گرل دنانیر مبین سے متاثر ہوتے ہوئے پاوری ویڈیو بنالی۔
گزشتہ روز اسد عمر، دنانیر مبین اور سابق کرکٹر سکندر بخت جیو نیوز کے پروگرام ’جشن کرکٹ‘ میں بطورِ مہمان شریک ہوئے جبکہ اس پروگرام کی میزبانی شہزاد اقبال نے کی۔
پروگرام کے دوران دنانیر مبین نے میزبان شہزاد اقبال کے ہمراہ پاوری ویڈیو بناتے ہوئے کہا:
یہ میں ہوں، یہ شہزاد بھائی ہیں، یہ جشن کرکٹ کا سیٹ ہے، اور یہ ہماری کرکٹ کی پاوری ہورہی ہے
دنانیر سے متاثر ہوتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر بھی اس مقبول ترین پاوری ٹرینڈ کا حصہ بن گئے اور اُنہوں نے بھی اپنے منفرد انداز میں تین جملے کہہ دیے۔
اسد عمر نے کہا کہ ’یہ میں ہوں، یہ جیو کا سیٹ ہے اور یہ ہماری پاوری ہورہی ہے۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:
یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے
دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سینکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔
دیکھتے ہی دیکھتے دنانیر کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد میں اضافہ ہوگیا اور نامور ٹی وی چینلز پر دنانیر کو انٹرویو کے لیے خصوصی طور پر مدعو بھی کیا گیا۔