• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر لیگ، زور آور زلمی نے سلطانز کو زیر کرلیا، بیٹسمینوں کے ہاتھوں بولرز کی درگت

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) محمد رضوان کو کپتانی راس نہیں آئی اور ملتان سلطانز کی ٹیم مسلسل دوسرا میچ بھی ہار گئی۔ پاکستان سپر لیگ سکس میں زورآور زپشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو چھ وکٹ سے شکست دے کر پہلی کامیابی اپنے نام کی۔ منگل کو نیشنل اسٹیڈیم میں ہائی اسکورنگ میچ میں ایک بار پھر ہدف کا تعاقب کرنے والی ٹیم جیت گئی۔ شاہ نواز دھانی کے آخری اوور میں بننے والے24رنز نے ٹارگٹ پورا کردیا۔ ایک موقع پر ہدف مشکل دکھائی دے رہا تھا۔ آخری پانچ اوورز میں61 اور دو اوور میں21رنز کی ضرورت تھی۔ حیدر علی نے8گیندوں پردو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے24ناٹ آئوٹ رنز بناکر ہدف ایک اوور پہلے پورا کردیا۔ شعیب ملک11رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔ دھانی نے چار اوورز میں44رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ سہیل تنویر کے تین اوورز میں40اوربریتھ ویٹ کے چار اوورز میں42 رنز بنے۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں میچ میں ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل بنا۔ پشاور زلمی کے خلاف ملتان سلطانز نے چار وکٹ پر193رنز بناکر حریف بیٹسمینوں کو چیلنج کیا۔ امام الحق اور کامران اکمل نے پہلی وکٹ پر57رنز کا اضافہ کیا۔ کامران اکمل24 گیندوں پر37رنز بناکر عثمان قادر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔ زلمی نے دس اوورز میں ایک وکٹ پر91رنز بنائے تھے۔ امام الحق پانچ چوکوں کی مدد سے48رنز بناکر رن آئوٹ ہوئے۔ امام الحق نےٹام کوہلر کے ہمراہ دوسرے وکٹ کی پارٹنرشپ میں 77رنز 52گیندوں پر بنے۔ ردرفورڈ15رنز بناکر دھانی کا شکار بنے۔ ٹام کوہلر نے پچاس رنز 31گیندوں پر بنائے۔ لیکن اگلی ہی گیند پر انہیں شاہ نواز دھانی نے آئوٹ کردیا ان کی اننگز میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ ٹاس پشاور نے جیتا لیکن ان کے بولر صورتحال کو کنٹرول نہ کرسکے۔ کپتان وہاب ریاض اس سال پی ایس ایل میں چار اوورز میں پچاس رنز دینے والے پہلے بولر بن گئے۔ جیمز ونس نے کپتان کے آؤٹ ہونے کے بعد صہیب مقصود کے ساتھ مل کر اننگز آگے بڑھائی اور 39 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جو پی ایس ایل میں ان کی مجموعی طور پر تیسری نصف سنچری ہے۔ جیمز وینس نے چوکوں اور چھکوں کی برسات جاری رکھی اور 56 گیندوں پر 84 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس میں 9 چوکے اور تین چھکے شامل تھے جبکہ ٹیم کا اسکور 3 وکٹوں پر 19 ویں اوور میں 186 رنز تھا۔ ملتان سلطانز نے بیٹنگ شروع کی۔ محمد عرفان نے دوسرے اوور کی پہلی گیند پر کرس لین کی وکٹ حاصل کی۔ محمد رضوان اور جیمز ونس نے ساتویں اوور میں ٹیم کی نصف سنچری مکمل کی۔ رضوان نے 28گیندوں پر41رنز بنائے۔ رضوان اور ونس نے 56 گیندوں پر 82 رنز بنائے۔ صہیب مقصود 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ رلی روسو 14 اور خوشدل شاہ نے 6 رنز بنائے۔ روسو نے اس اننگز کے دوران پی ایس ایل میں ایک ہزار رنز مکمل کر لئے۔ ثاقب محمود نے 2 وکٹیں لیں۔ دونوں ٹیموں نے اہم میچ کے لیے 2،2 تبدیلیاں کیں، زلمی نے گزشتہ میچ میں نصف سنچری بنانے والے روی بوپارہ کو بھی شامل نہیں کیا جبکہ سلطانز نے عثمان اور شاہنواز دھانی کو موقع فراہم کیا۔

تازہ ترین