کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کی درخواست پر الیکشن کمیشن سمیت دیگر مدعا علہیان کو آج (جمعرات) کے نوٹس جاری کردئیے۔ بدھ کو جسٹس محمد علی مظہر کی سر براہی میں جسٹس امجد علی سہتو پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سینیٹ انتخابات کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کیخلاف تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر سیف اللہ ابڑو کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ انکے موکل سیف اللہ ابڑو کیخلاف کسی امیدوار نے درخواست دائر نہیں کی، کسی تجویز کنندہ یا تائید کنندہ نے بھی کاغذات کو چیلنج نہیں کیا جبکہ ریٹرننگ آفیسر (آر او) نے تمام اعتراضات مسترد کردیئے تھے۔