• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنانیر نے ہانیہ عامر کو اپنی فوٹو کاپی قرار دیدیا

تین جملوں پر مبنی مختصر ویڈیو سے شہرت پانے والی پاوری گرل دنانیر مبین نے شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ ہانیہ عامر کو اپنی فوٹو کاپی قرار دے دیا۔

 سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر ایک ملین فالوورز رکھنے والی دنانیر مبین نے حال ہی میں اپنی انسٹا اسٹوری میں اداکارہ ہانیہ عامر کے ہمراہ اپنی دلکش سیلفی شیئر کی۔

مذکورہ سیلفی میں ہانیہ عامر نے گلابی اور پیلے رنگ کا لباس زیب تن کیا ہوا ہے جبکہ پاوری گرل پیلے رنگ کے پھول دار لباس میں ملبوس ہیں۔

دنانیر مبین نے اپنی انسٹا اسٹوری کے کیپشن میں لکھا کہ ’آخرکار! میری اپنی فوٹو کاپی ہانیہ عامر سے ملاقات ہوگئی لیکن وہ مجھ سے کہیں زیادہ خوبصورت ہیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’یہ ایک بہت بڑی نعمت ہے کہ جب آپ کی ملاقات ایسے لوگوں سے ہوتی ہے جو ناصرف ظاہری بلکہ اندرونی طور پر بھی خوبصورت ہوں۔‘

پاوری گرل نے لکھا کہ ’ہانیہ عامر کا شمار اُنہی خوبصورت لوگوں میں ہوتا ہے۔‘

اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’میں ہانیہ عامر کو بےحد پسند کرتی ہوں۔‘

واضح رہے کہ دنانیر مبین بھی ہانیہ، ماہرہ خان اور تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ کی طرح پاکستان سپُر لیگ کی ٹیم پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسیڈر ہیں۔

دنانیر مبین مقبول کیسے ہوئیں؟

 گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں ایک دنانیر نامی نوجوان لڑکی پاکستان کے شمالی علاقے نتھیا گلی میں اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھی اور وہاں اُس نے صرف یہ تین جملے کہے تھے:

یہ ہماری کار ہے، یہ ہم ہیں اور یہاں پاوری ہورہی ہے

دنانیر کا یہ انداز سوشل میڈیا صارفین کو اس قدر بھایا کہ رات و رات اس پر سیکڑوں ویڈیوز بنا ڈالیں اور صرف پاکستان ہی نہیں سرحد کے اُس پار بھارت میں بھی بالی ووڈ اسٹارز پاوری کرنے لگے۔

تازہ ترین