• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کولیسٹرول متوازن کیسے رکھا جائے ؟

انسانی جسم میں کولیسٹرول (چکناہٹ کی زیادتی) کی اضافی مقدار متعدد بیماریوں کا سبب بنتی ہے، صحت مند زندگی بسر کرنے کے لیے کولیسٹرول کو مناسب سطح پر بر قرار رکھنا نہایت ضروری ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق کھانے پینے کی منفی عادات جیسے کہ فاسٹ فوڈز، کولا مشروبات، مضر صحت اور مرغن غذاؤں کے زیادہ استعمال کے سبب خون میں کولیسٹرول کی شرح بڑھ جاتی ہے جس کے نیتجے میں انسان متعدد بیماریوں کا شکار ہو جاتا ہے جن میں بلڈ پریشر، امراض قلب، جگر اور وزن کا بڑھ جانا سر فہر ست ہے۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق روزمرہ کی غذا میں اعتدال رکھنا بے حد ضروری ہے، کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر غذا میں سبزیوں، سلاد اور مختلف پھلوں اور فائبر سے بھرپور غذاؤں کا استعمال ضروری ہے، ان غذاؤں میں وٹامنز ، منرلز اور اینٹی آکسیڈنٹس اجزا پائے جاتے ہیں جو جسم میں کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

کولیسٹرول کا بڑھ جانا کیا ہے ؟

کولسیٹرول کا مطلب جسم میں موجود خون میں چکناہٹ کی مقدار کا بڑھ جانا ہے، کولیسٹرول چکناہٹ کی ایک قسم ہے جس کا مناسب مقدار میں جسم میں ہونا ضروری ہے مگر اس کا بڑھ جانا مضر صحت ثابت ہوتا ہے۔

ماہرین غذائیت کے مطابق لال گوشت، انڈے، دودھ، مکھن اور گھی اور تیل میں کولیسٹرول کی بھر پور مقدار پائی جاتی ہے، ان غذاؤں کے زیادہ استعمال سے خون میں کولسیٹرول کی سطح بڑھ جاتی ہے جس کے نتیجے میں چربی شریانوں میں جمنا شروع ہو جاتی ہے، ایسے میں ہارٹ اٹیک اور فالج کے خدشات بڑھ جاتے ہیں، قوت مدافعت کمزور اور انسان کی زندگی کا دورانیہ کم ہو جاتا ہے۔

کولیسٹرول کی زیادتی سے بچنے اور صحت مند زندگی کے حصول کے لیے ڈاکٹروں کی جانب سے چند مفید تجاویز مندرجہ ذیل ہیں۔

طبی و غذائی ماہرین کے مطابق کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے کے لیے  مناسب اور مثبت غذا کا استعمال نہایت ضرور ہے۔

کولیسٹرول کی سطح برقرار رکھنے کے لیے اپنی روز مرہ روٹین میں سے مرغن، پروسیسڈ غذاؤں اور کولا مشروبات کو نکال دینا چاہیے۔

دن میں ہر کھانے کے ساتھ ایک پیالہ سلاد یعنی کچی سبزیوں کا لازمی کھائیں۔

فائبر سے بھر پور غذاؤں کا استعمال کریں ، فائبر کی مقدار حاصل کرنے کے لیے سادہ یا لیموں پانی میں اسپغول کے چھلکے کا بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

دن میں کم سے کم 8 گلاس پانی ضرور پئیں۔

غذا  میں سبزیوں اور دالوں کا استعمال بڑ ھا دیں، دن میں ایک وقت کا کھانا ترک کر کے پھلوں کا استعمال کریں۔

دودھ والی چائے کے بجائے سبز چائے یا بلیک کافی کا استعمال کریں۔

روزانہ کی بنیاد پر کم از کم 30 منٹ واک ضرور کریں۔

تازہ ترین