ملتان (سٹاف رپورٹر) دریائے چناب کے بیٹ اور گردونواح کے علاقوں میں محکمہ وائلڈ لائف عملے کی ملی بھگت سے مرغابی کا غیرقانونی شکار عروج پر جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے شکاریوں کو یہ سختی سے ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ہفتہ اور اتوار کو مرغابی کا شکار کھیل سکتے ہیں جبکہ باقی دنوں میں مرغابی کا شکار سختی سے منع ہے۔ مگر ان احکامات کی صریحاً خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف عملہ کی ملی بھگت سے شکاری ہفتہ اور اتوار کے علاوہ مرغابی کا شکار کھیل رہے ہیں۔ خاص طور پر دریائے چناب کے علاقے بنڈہ سندیلہ، موضع ہمروٹ، موضع بھکری، موضع ڈوڈی، موضع مسی پپلی، موضع فرید آباد اور موضع خدائیاں سمیت دریائے چناب کے بیٹ کے دوسرے علاقوں میں مرغابی کا شکار کھیلا جارہا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شکار کی گئی یہ مرغابیاں مقامی ہوٹلوں پر بھاری نرخوں پر فروخت کی جاتی ہے اور اس کے ساتھ محکمہ وائلڈ لائف کے بعض افسران کو بھی تحفے میں یہ مرغابیاں دی جارہی ہیں۔ اس حوالے سے محکمہ وائلڈ لائف ملتان کے سینئر افسر محمد حسین گشکوری نے بتایا کہ ان اطلاعات پر کارروائی کی جارہی ہے اور جو شکاری بھی مرغابی کے غیر قانونی شکار کرتے پایا گیا اور اس کام میں محکمہ کا عملہ بھی ملوث پایا گیا تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔