بھارتی متنازع اداکارہ اور بگ باس کے سیزن 14 کی کنٹسٹنٹ راکھی ساونت اور اُن کے بھائی راکیش کے خلاف بینک کے ریٹائرڈ ملازم سے فراڈ کرنے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کے وکاص پوری پولیس اسٹیشن میں شائلیش سری واستاوا نامی بینک کے ایک ریٹائرڈ ملازم نے راکھی ساونت اور اُن کے بھائی راکیش کے خلاف فراڈ کا مقدمہ درج کروایا ہے۔
شائلیش سری واستاوا نے ایف آئی آر میں موقف اپنایا کہ ’اُنہوں نے 2017 میں بینک کی اپنی ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی تھی جس کے بعد وہ اپنے دوست راج کے توسط سے راکھی ساونت کے بھائی راکیش سے ملے۔‘
بھارتی شہری نے کہا کہ ’راکیش سے ملاقات کے بعد اُنہوں نے مشترکہ طور پر راکھی اور اُن کے بھائی کے ساتھ ایک فلم اور ڈانس انسٹی ٹیوٹ بنانے کا فیصلہ کیا۔‘
شائلیش سری واستاوا نے کہا کہ ’اس کے بعد راکیش نے اُن سے 6 لاکھ روپے کی رقم لی اور اُس کے بدلے اُنہیں 7 لاکھ روپے کا ایک چیک دے دیا جو کہ جعلی دستخط کی وجہ سے باؤنس ہوگیا تھا۔‘
بھارتی شہری نے اپنے موقف میں مزید کہا کہ ’چیک باؤنس ہونے کے بعد اُنہوں نے راکیش سے کئی مرتبہ رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ٹال مٹول کرتے رہے اور آخر کار اُن کے پیسے کھاگئے۔‘
واضح رہے کہ راکھی ساونت حال ہی میں بھارت کے معروف رئیلیٹی شو بگ باس کے سیزن 14 میں بطورِ کنٹسٹنٹ شامل ہوئی تھیں۔
بگ باس 14 کے فائنل کے دوران بگ باس نے پانچوں ٹاپ کنٹسٹنٹ کو ایک آفر دی جس میں یہ تھا کہ بگ باس کی جانب سے 14 لاکھ روپے دیے جائیں گے جو کنٹسٹنٹ وہ 14 لاکھ روپے کی رقم تسلیم کرے گا وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجائے گا۔
اس کے لیے بگ باس نے ایک ٹاسک دیا تھا جس میں جو کنٹسٹنٹ پہلے بزر بجاتا تو 14 لاکھ کی رقم اُس کی ہوجاتی اور وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوجاتا۔
اس ضمن میں بالی ووڈ کی معروف اداکارہ راکھی ساونت نے سب سے پہلے بزر بجاکر 14 لاکھ روپے کی رقم وصول کی جس کے بعد وہ مقابلہ جیتنے کی ریس سے باہر ہوگئی تھیں۔
راکھی ساونت نے کہا تھا کہ وہ 14 لاکھ کی اس رقم سے اپنی بیمار والدہ کا علاج کروائیں گی۔