• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیگ کا التوا، افسردہ شائقین کو غیرملکی کرکٹرز کا دلاسہ

لیگ کا التوا، افسردہ شائقین کو غیرملکی کرکٹرز کا دلاسہ 


کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی ایس ایل کے ملتوی ہونے سے جہاں پاکستانی شائقین کر کٹ اور لیگ میں شریک مقامی کھلاڑی افسردہ ہیں، وہیں غیر ملکی کھلاڑی بھی خوش نہیں ہیں، تاہم انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پاکستانی قوم کی افسردگی اور دکھ کو کم کرنے کی کوشش بھی کی ہے اور انہیں یقین بھی دلایا ہے کہ جلد لیگ کی خوشیاں واپس لانے کے لئے پاکستان آئیں گے۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے آل رائونڈر شرفین ردر فرڈ نے کہا ہے کہ پی ایس ایل 6کے التوا پر افسوس ہوا، پاکستان میں کھیل کر محظوظ ہورہا تھا لیکن التوا کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔پی ایس ایل کو نا مکمل چھوڑ کرجانا آسان امر نہیں ہے۔ بدقسمتی سے اس کے علاوہ کوئی چارہ کار ہی نہیں تھا۔ گڈ بائی پاکستان، یادگار لمحات لئے واپس جارہا ہوں ، اپنی ٹیم پشاور زلمی کے لئے پاکستان واپس آئوں گا اور لیگ میں شرکت کرکے اسے چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کروں گا۔ جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے پیسر ڈیل اسٹین نے اپنےویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ شائقین کے لئے اگر یہ مایوس کن لمحات ہیں توہمارے لئے بھی یہی صورتحال ہے لیکن کووڈ پر کسی کا کنٹرول نہیں ہے، اس لئے اچھی امید کے ساتھ جارہے ہیں کہ جلد ہی اپنا نامکمل مشن مکمل کرلیں گے۔ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا بھر پور لطف اٹھایا، میں آئندہ بھی یہاں آئوں گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرنے والے بین کٹنگ کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہوا ہے لیکن شائقین امید کا دامن نہ چھوڑیں۔ جب ٹورنامنٹ بحال ہوگا تو اچھی کارکردگی کا سلسلہ برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم سب دوبارہ پاکستان آنے کو تیار ہیں۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے ایلکس ہیلز نے کہا کہ میزبانی بھی شان دار، مقابلے بھی یاد گار تھے، مایوسی ہوئی ہے ناامیدی نہیں ، واپس آکر کر پاکستانی شائقین کو خوشیاں دیں گے اور لیگ بھی مکمل کریں گے۔

تازہ ترین