مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ آج کا قومی اسمبلی کا اجلاس غیر آئینی، غیر قانونی، غیر اخلاقی ہے، کوئی وزیراعظم خود اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکتا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان پولیس کے پیچھے کھڑے ہوئے ہیں، عمران خان تم میں ہمت ہے تو عوام کے سامنے آؤ۔
انہوں نے کہا کہ چار پانچ کی درمیانی رات نوٹی فکیشن جاری ہوا، وزیراعظم کے پاس نہ اکثریت ہے نہ بات کر سکتے ہیں صرف بدمعاشی کر سکتےہیں، پاکستان کی عوام نے اپنا مینڈیٹ دے دیا ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ صدر، وزیراعظم، اسپیکر غیرقانونی اجلاس بلانے میں ملوث ہیں، ہمارا مطالبہ ہےصدر بتائیں کہ عمران خان کو کہا کہ تمہاری اکثریت ختم ہوگئی ہے، کیاصدر نے خط لکھا، مراسلہ لکھا یا ٹیلیفون پر کہا کہ عمران خان تمہاری اکثریت ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر جواب دیں کیا انہیں مراسلہ آیا کہ وزیراعظم کے پاس اکثریت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدمعاشی کی سیاست اب ملک میں نہیں چلے گی، ہم نے چوروں کا ہر فورم پر مقابلہ کرنا ہے، ہمیں اسمبلی کے اندر اور باہر مقابلہ کرنا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان چوروں کے پیچھے مت چھپو، میدان میں کھڑا ہوں میدان میں آجاؤ عوام بلا رہے ہیں، غنڈوں کے پیچھے مت چھپو ، آؤ میدان میں آکر بات کرو۔
انہوں نے کہا کہ آج نئی روایت ڈالی گئی ہے ،یہ ہار کی نشانی ہے ، ڈرپوک کی نشانی ہے غنڈوں کے پیچھے چھپتا ہے، ہم اس پہاڑی پر کھڑے ہیں خان صاحب اور اس کے ٹولے میں ہمت ہے تو آؤ۔