آپ آف لائن ہیں
منگل7؍رمضان المبارک 1442ھ 20؍اپریل2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد دگنی

پنجاب میں کورونا وائرس کے نئے مریضوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے، پنجاب میں 24 گھنٹے میں 1 ہزار 44 نئے مریض سامنے آئے ہیں، صرف لاہورمیں 646 کیسز سامنے آئے ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتہ قبل 28 فروری کو پنجاب میں کورونا وائرس کے یومیہ مریضوں کی تعداد تقریباً 528 تھی۔

صرف لاہور میں 28 فروری کو 308 کورونا مریض رپورٹ ہوئے تھے، پنجاب میں کورونا مریضوں کی کل تعداد 1 لاکھ 77 ہزار 8 ہو گئی ہے۔

24 گھنٹوں کے دوران شیخو پورہ میں 14، راولپنڈی میں 31 ، گوجرانوالا میں 41، سیالکوٹ میں 36، گجرات میں 90 اور ملتان میں 23 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

کورونا وائرس سے صوبے میں مزید 18 افراد جاں بحق ہو گئے، اس طرح اموات کی کل تعداد 5 ہزار 5 سو 52 ہو گئی ہے۔

پنجاب بھر میں اب تک کورونا وائرس کے 34 لاکھ 2 ہزار 3 سو 77 ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 30 سے 31 ویں نمبر پر آ گیا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 1 ہزار 780 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 39 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ اس بیماری سے 1 ہزار 38 مریض شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 13 ہزار 205 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 90 ہزار 508 ہو چکی ہے۔

24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 38 ہزار 887 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 92 لاکھ 12 ہزار 480 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 18 ہزار 55 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 1 ہزار 595 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 5 لاکھ 59 ہزار 248 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید