• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اننیا پانڈے کو بالی ووڈ میں آنے سے پہلے تنقید کا سامنا کرنا پڑا؟

بالی ووڈ کی نئی اُبھرتی ہوئی اداکارہ اننیا پانڈے نے کہا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری میں آنے سے پہلے ان کو بہت زیادہ دبلے پتلے ہونے کی وجہ سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا اور لوگ انہیں کہا کرتے تھے کہ وہ لڑکے جیسی نظر آتی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے حالیہ انٹرویو میں اداکارہ نے اپنی ذاتی زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے بتایا کہ جب وہ پہلی دفعہ لوگوں کی تنقید کا شکار ہونا شروع ہوئیں تواس سے ان کی شخصیت پر بہت بُرا اثر پڑا۔

اداکارہ نے بتایا کہ انہیں ابھی ٹھیک سے یاد نہیں ہے لیکن جب وہ اداکارہ نہیں تھیں تب ان کے والدین کے ساتھ ان کی تصاویر پر لوگوں نے ان کی دبلی پتلی جسامت ہونے کی وجہ سے تنقید کی اور ان کے بارے میں بہت نامناسب جملوں کا استعمال کیا گیا اور کہا گیا کہ وہ ایک لڑکے جیسی نظر آتی ہیں۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ انہیں اس وقت ان سب باتوں پر بہت دُکھ ہوا کیونکہ یہ زندگی کا وہ وقت تھا جب آپ خود پر اعتماد کرنے اور اپنے آپ سے محبت کرنا سیکھ رہے ہوتےہیں اور ایسے وقت میں جب آپ خود پر ہونے والی اس طرح کی تنقید سُنیں تو ایسا محسوس ہوتا ہے کہ کوئی آپ کو گِرانے کی کوشش کررہا ہے اور آپ اپنی صلاحیتوں پر شک کرنا شروع کردیتے ہیں۔

اننیا نے یہ بھی کہا کہ اب صورتحال مختلف ہے کیونکہ اب مجھے ایسا لگتا ہے کہ اب میں اس قابل ہوگئی ہوں کہ میں جیسی بھی ہوں ویسے ہی اپنے آپ کو قبول کرسکوں۔

اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ جب مجھے یہ سمجھ آگئی کہ لوگوں کا کام صرف تنقید کرنا ہے اور مجھے لوگوں کی باتیں دُکھ نہیں دے سکتی تو اس کے بعد سے میں پُرسکون ہوگئی ہوں اور خود سے محبت کرنے لگی ہوں۔

واضح رہے کہ اداکارہ اننیا پانڈے اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی ہیں اور فلمی دنیا میں قدم رکھنے سے قبل ہی اننیا خبروں کی رونق بن گئی تھیں۔

تازہ ترین