معروف بھارتی اداکارہ و سیاستدان ارمیلا ماٹونڈکر نے 13 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کا اعلان کیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ارمیلا ماٹونڈکر نے اپنے حالیہ انٹرویو میں انکشاف کیا کہ اُن کی بہت جلد بالی ووڈ میں واپسی ہوگی لیکن اس بار فلم نہیں بلکہ ویب سیریز کے ذریعے وہ بڑی اسکرین پر نظر آئیں گی۔
ارمیلا ماٹونڈکر نے بتایا کہ ’میری ویب سیریز کی شوٹنگ گزشتہ سال شروع ہونی تھی لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے شوٹنگ میں تاخیر ہوگئی تھی۔‘
بالی ووڈ اداکارہ نے کہا کہ ’میں اپنے اس نئے پراجیکٹ میں کام کرنے کا بےتابی سے انتظار کررہی ہوں۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’بالی ووڈ میں میرا کیرئیر بہت اچھا رہا ہے اور جب تک میرا یہ نیا پراجیکٹ شروع نہیں ہوجاتا، میں تب تک کسی دوسرے پراجیکٹ کا حصہ نہیں بن سکتی۔‘
ارمیلا ماٹونڈکر نے مزید کہا کہ ’اگر کسی وجہ سے ویب سیریز کا میرا یہ پراجیکٹ شروع نہیں ہوا تو مجھے یقین ہے کہ میری زندگی میں اس سے بھی بہتر چیزیں آئیں گی اور میرے مداح یقینی طور پر مجھے بڑی اسکرین پر دیکھیں گے۔‘
خیال رہے کہ ارمیلا ماٹونڈکر فلم’جدائی‘، ’جانم سمجھا کرو‘، ’دل لگی‘، ’رنگیلا‘، ’مست‘ سمیت بالی ووڈ کی متعدد سُپر ہٹ فلموں میں کام کرچکی ہیں۔
ارمیلا ماٹونڈکر آخری بار 13 سال قبل 2008ء میں ہمیش ریشمیا کے ساتھ فلم’قرض‘ میں جلوہ گر ہوئی تھیں جبکہ سال 2018 میں اُنہوں نے فلم ’بلیک میل‘ میں آئٹم نمبر کیا تھا۔