• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنہوں نے کیمرہ لگایا انہوں نے ہی مظفرشاہ کو اسکرپٹ دیا، پیپلز پارٹی


کراچی، حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر،جنگ نیوز ، بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی نے کہاہےکہ جنہوں نے کیمرہ لگایاانہوں نے ہی مظفر شاہ کو اسکرپٹ دیا،سعید غنی اور مراد علی شاہ کاکہناتھاکہ اتنی تابع داری نہیں ہوسکتی پریزائیڈنگ افسر کو فون کے علاوہ بھی بہت کچھ آیا ہوگا، عدالت جائینگے۔

دوسری جانب پریزائیڈنگ افسر مظفر شاہ نےکہاکہ مجھ پر تنقید بلا وجہ، ووٹ کی چوری اپوزیشن کے اپنے گھر سے ہوئی، اپوزیشن خود تحقیقات کرے،پارلیمان کی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مظفر حسین شاہ لائق آدمی ہیں وہ ایسی غلطی نہیں کر سکتے لیکن وہ اسکرپٹ پڑھ رہے تھے، جنہوں نے کیمرا لگایا انہوں نے ہی مظفر شاہ کو اسکرپٹ دیا ، یوسف رضا گیلانی ہی چیئرمین سینیٹ ہیں ، عدالتیں انصاف فراہم کریں گی۔ 

صوبائی وزیر سعید غنی نے بھی ووٹرز اور امیدواروں کو مس گائیڈ کرنے کا الزام عائد کیا اور سیکرٹری سینیٹ کو برطرف کرکے جیل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا،سعید غنی نے کہا کہ سینیٹرز نے پارٹی ہدایت کے مطابق ووٹ دیے۔

صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ اُن کے ووٹرز نے جان بوجھ کر ووٹ خراب نہیں کیے، پارٹی ہدایت کے مطابق ووٹ دیے، اگر ووٹ مسترد کرانا ہوتا تو بیلٹ پیپرکوخالی چھوڑآتے۔

سعید غنی نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کے نام کے آگے الگ سے خانہ نہیں تھا، ایک ہی خانہ تھا، پریزائیڈنگ افسر مظفر شاہ کو فون کے علاوہ بھی بہت کچھ آیا ہوگا، فون پر اتنی تابع داری نہیں ہوسکتی، ووٹ مسترد ہونے پر عدالت سے رجوع کریں گے۔

حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میںوزیر اعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا ہے کہ سینیٹ کا یہ الیکشن تاریخ کا بدترین الیکشن تھا، یوسف رضا گیلانی کے 7ووٹوں کو پریزائیڈنگ افسر نے بلا وجہ مسترد کیا ، سینیٹ کے الیکشن میں خفیہ کیمروں کی تنصیب پاکستان کے آئین کے منافی ہے، سینیٹ وہ ایوان ہے جو صوبائی اسمبلیوں کےارکان کے ووٹوں سے تشکیل دیا جا تا ہے لہٰذا ہم اپنے ووٹ کیلئے لڑیں گے۔

دوسری جانب پاکستان کے ایوان بالا (سینیٹ) میں چیئرمین کے انتخاب میں پریذائیڈنگ افسر سینیٹر مظفر حسین شاہ نے اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا۔

سینیٹر مظفر حسین شاہ کا کہنا تھاکہ پارلیمان کی کارروائی عدالت میں چیلنج نہیں ہوسکتی، پی ڈی ایم کے 7 ارکان نے جان بوجھ کر ووٹ ضائع کیے کیونکہ 7کے 7بیلٹ پیپر پر ایک ہی طرز پر اسٹمپ لگے ہوئے تھے، عبدالحفیظ شیخ اور سندھ میں صدرالدین شاہ راشدی کے ووٹ اسی بنیاد پر مسترد کیے گئے تھے، 7ووٹ کی چوری اپوزیشن کے اپنے گھر سے ہوئی، اب اپوزیشن خود تحقیقات کرے کہ وہ چوری کن ارکان نے کی ہے۔

مظفرحسین شاہ نے کہا کہ میرے اوپر تنقید بلاوجہ ہے، ماضی میں صدر نے اسحاق ڈاراور سردار یعقوب ناصرکو بھی پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا تھا جبکہ اپوزیشن کو تفصیلی سن کر اپنا فیصلہ دیا۔

ہٹڑی بائی پاس حیدرآباد میں لائیو اسٹاک ایکسپو 2021ءکی افتتاحی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے ملک کی لائیو اسٹاک اور ڈیری میں جو پوٹینشل ہے اس سے حقیقی معنوں میں اب تک استفادہ نہیں کیا گیا۔

سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ لائیو اسٹاک کو فروغ دیکر اس سے معاشی فائدہ حاصل کیا جائے اور اس سے روزگار کے مواقع بھی پید ا کیے جائیں،حکومت سندھ لائیو اسٹاک ایکسپو کے انعقاد کے سلسلے میں معاونت کرتی رہے گی۔

قبل ازیں وزیر اعلیٰ سندھ نے لائیو اسٹاک ایکسپو 2021ءکا افتتاح کرنے کے بعد ایکسپو میں موجود برڈز، پیٹس، فش سمیت مویشیوں اور دیگر اسٹالز کاتفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر صوبائی سیکریٹری لائیو اسٹاک اعجاز مہیسر،ڈویژنل کمشنر حیدرآباد محمد عباس بلوچ، ڈی آئی جی حیدرآباد شرجیل کھرل،ڈی سی حیدرآباد فواد غفار سومرو،اے آئی جی پولیس حیدرآبادرینج ڈاکٹر جمیل احمد، ایس ایس پی حیدرآباد عبدالسلام شیخ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

ادھر ڈیفنس فیز فور میں کراچی ووکیشنل ٹریننگ سینٹر (کے وی ٹی سی) جدت اسٹور کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےوزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وہ ہر سطح پر خصوصی افراد کی آواز بنیں گے،معاشرہ ایسے اداروں پر انحصار کرتا ہے جو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی توجہ دیتے ہیں تاکہ معاشرہ ایسے لوگوں کو چیلنجوں کے ساتھ قبول کرے اور ان کو زندگی میں کمانے کے مساوی مواقع فراہم کرے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے وی سی ٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور اپنے 2030کے وژن کے تحت پورے سندھ میں کم از کم5ہزارخصوصی افراد کو قابل بنائیں گے۔

تازہ ترین