لوئر کرم کے علاقے بگن میں گاڑی پر فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ محسود زخمی ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر جاوید اللّٰہ سمیت 6 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 3 راہ گیر، ایک ایف سی اور ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔
لوئر کرم کے علاقے بگن میں وقفے وقفے سے فائرنگ ہو رہی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قافلے کو ہنگو کی تحصیل ٹل سے نکلنا ہے، قافلہ ابھی نہیں نکلا، مشاورت اور صورتِ حال کا جائزہ لینے کے بعد نکلے گا۔
آر پی او کوہاٹ نے ’جیو نیوز‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بگن میں فائرنگ سے ڈپٹی کمشنر کرم زخمی ہوئے ہیں، فائرنگ فریقین نے نہیں کی، نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے، علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
اس حوالے سے مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ کرم بگن میں فائرنگ سے زخمی ڈپٹی کمشنر کرم کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی کرم کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کرنے کا بندوبست کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کرم میں فائرنگ واقعہ قابل مذمت ہے، فائرنگ کا واقعہ صوبائی حکومت کی ناکامی اور نااہلی کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر جاوید محسود کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہوں۔