راچڈیل(ہارون مرزا)سابق ایم ای پی ڈاکٹر سجاد کریم ستارہ قائد اعظم نے کہا ہے کہ مودی کی انتہا پسند پالیسیوں اور کشمیر میں مظالم کے باوجود یورپی یونین اور برطانیہ ہندوستان کے ساتھ پاکستان کی طرز کا جی ایس پی پلس ٹریڈ کا معاہدہ کرنے کی خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں موجود 9لاکھ سے زائد کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور ہندوستان میں مسلمانوں کے خلاف بی جے پی کی متشدد پسند پالیسیوں کی وجہ سے زبردست احتجاج کرنا چاہیے تاکہ ہندوستان یورپی یونین اور برطانیہ کے ساتھ جی ایس پی پلس معاہدہ کرنے میں ناکام رہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر سجاد کریم ستارہ قائد اعظم نے یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کا ایک ایسا تجارتی معاہدہ کرایا تھا جس کی وجہ سے پاکستان کو ٹیکس فری ٹریڈ کا موقع ملابرطانیہ اور یورپی یونین پر عوامی دبائو بڑھتا جا رہا ہے جس میں مطالبہ کیا جارہا ہے کہ ہندوستان کے ساتھ جی ایس پی پلس کا معاہدہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ساتھ مشروط کیا جائے برطانیہ و یورپی ممبران پارلیمنٹ اس امر کو یقینی بنائیں کہ ہندوستان میں مسلمانوں کیساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور کشمیریوں پر ہونیوالے مظالم فوری طور پر بند کرائے جائیں وگرنہ مستقبل میں بھی ہندوستان انسانی حقوق کی پامالیوں کا جاری رکھے گا۔ پاکستان نژاد سابق برطانوی رکن یورپین پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم کو ان کی عظیم خدمات کی بدولت یورپین انٹرنیشنل ٹریڈ ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیاانہوں نے ہمیشہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات بخوبی اور احسن انداز میں نبھائیں ڈاکٹر سجاد بطور چیئرمین فرینڈز آف پاکستان گروپ بھی نمایاں خدمات سر انجام دے چکے ہیں سجاد کریم شمال مغربی برطانیہ سے منتخب ہونے والے پہلے برطانوی مسلمان ہیں جو پہلی دفعہ 2004 میں ای یو پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے بعد ازاں ان کی کامیابیوں کی فہرست بہت طویل ہے ،ان کا شمار سابق برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے 2014 میں پاکستان اور یورپ کے تعلقات خوشگوار بنانے کی کاوش کے اعتراف میں پاکستان کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ وٹیکنالوجی لاہور نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا ۔