• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئرلینڈ:قرنطینہ قانون کی خلاف ورزی پر دو خواتین گرفتار

ڈبلن ( معراج عابد) آئر لینڈ کی رہائشی دو خواتین 35 سالہ کرسٹی میگراتھ اور 25 سالہ نیوو میلرےڈی دبئی سے سرجری کروانے کے بعد جب ڈبلن پہنچیں تو ائرپورٹ پر حکام نے انہیں قرنطینہ کیلئے ہوٹل چلنے کیلئے کہا جس پر خواتین نے ہوٹل جانے سے انکار کردیا، حکام نے دونوں خواتین کوقانون پر عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی مگر خواتین کے انکار پر ان کو گارڈز کے حوالے کردیا، آئرش گارڈز نے دونوں خواتین کو ہیلتھ ایکٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ بناکر عدالت میں پیش کردیا، خواتین کے وکیل نے کورٹ کو بتایا کہ دونوں خواتین کے بچے بہت چھوٹے ہیں اور ان کے بچوں کا خیال رکھنے والا کوئی نہیں اس لیے خواتین کو رہا کیا جائے اور ان کو گھر میں قرنطینہ کی اجازت دی جائے، عدالت نے دونوں خواتین کی درخواست مسترد کرکے ان کا 9 اپریل تک ریمانڈ دے کر جیل بھیج دیا اور کہا کہ اگر دونوں خواتین جرمانے کی رقم جمع کروائیں اور حکومت کی جانب سے منظور ہوٹل میں 14 روز کا قرنطینہ کرنا کا وعدہ کریں تو انہیں ضمانت دی جاسکتی ہے، خواتین کےوکیل نے ہیلتھ ایکٹ 2021 کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ جس جرم کی سزا ایک ماہ ہے اس کیلئے ریمانڈ دینا سمجھ سے باہر ہے، خواتین کو دوبارہ 9 اپریل کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، یادرہے کہ آئرلینڈ میں کورونا لاک ڈاون کی وجہ سے 52 ممالک سے آنے والے مسافروں کیلیے 14 روز کا قرنطینہ لازمی ہے۔واضح رہے آئرلینڈ میں کوویڈ 19 لاک ڈائون کے سلسلے میں جاری پابندیوں کے حوالے سے دیگر ممالک سے آنے والے مسافروں کیلئے ہیلتھ ایکٹ 2021 کے مطابق پی سی آر ٹیسٹ کی 72 گھنٹے کے دوران منفی رپورٹ کے بغیر ملک میں آنے والے مسافروں کو ائرپورٹ سے حکومت کی جانب سے منظور شدہ ہوٹلز میں اپنے اخراجات پر 14 روز کا قرنطینہ کرنا ضروری ہے۔
تازہ ترین