• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسرا ون ڈے، پاکستان کے کاری وار، جنوبی افریقا چت، میچ اور سیریز نام کرلی

تیسرا ون ڈے، پاکستان کے کاری وار، جنوبی افریقا چت


سنچورین (جنگ نیوز) فخر زمان کی ایک اور قابل فخر سنچری اور کپتان بابر اعظم کے پر اعتماد94 رنز کے بعد بولروں کی شاندار بولنگ نے پاکستان کو سات سال بعد جنوبی افریقا کو اس کی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں دو ایک سے شکست دے دی۔ پروٹیز گرین شرٹس کے کاری وارسہہ نہ سکے اور28رنز پہلے چت ہوگئے۔ شاہین شاہ آفریدی نے58اور محمد نواز نے34رنز دے کر تین تین وکٹ حاصل کئے۔ حارث رئوف نے45رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستانی کرکٹ ٹیم کےکپتان بابر اعظم کو تیسرے ون ڈے کی کارکردگی پر مین آف دی میچ اور فخر زمان کو مین آف دی سیریز ایوارڈ دیا گیا۔قبل ازیں321رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی ٹیم 49.3اوورز میں292رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ سرفراز احمد نے کم بیک میچ میں تین کیچ لئے۔ ویرین نے 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 62 اور فہلکوایو نے54 رنز بنائے۔ ایڈن مارکرم18رنز بناکر سرفراز کے ہاتھوں شاہین کی گیند پر کیچ ہوئے، انہوں نے ملان کے ساتھ پہلی وکٹ پر9اوورزمیں54رنز کا اضافہ کیا۔ جانے من ملان کو 70 رنز پر محمد نواز نے ایل بی ڈبلیو کردیا۔ دو گیندوں کے بعد نواز نے کپتان باووما کو بولڈ کردیا، وہ23 گیندوں پر20 رنز بناسکے۔ قبل ازیں فخر زمان نے 9 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے چھٹی ون ڈے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے امام الحق کے ساتھ 112 رنز کی شراکت قائم کی، امام الحق 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔بابر اعظم نے تین چھکے اور سات چوکے مارے اور82 گیندوں کا سامنا کیا۔ آخری دو اوورز میں حسن علی اور بابر اعظم نے چھکوں کی بارش کرتے ہوئے 43 رنز بنائے۔ جبکہ چار اوورز میں63رنز کا اضافہ کیا۔ حسن علی نے اننگز کے 49ویں اوور میں 4 چھکے لگا ئے جبکہ بابر نے 50ویں اوور میں دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ آخری گیند پر بابر اعظم کو سنچری مکمل کرنے کے لیے 6 رنز درکار تھے لیکن وہ باؤنڈری پر کیچ ہو گئے۔ جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم میچ میں پچھلے میچ کے سات اہم کھلاڑیوں سے محروم تھی۔ پاکستان نے سات وکٹ پر320رنز بنائے۔ حسن علی نے گیارہ گیندوں پر32رنز بنائے۔ جنوبی افریقا نے28اوورز اسپنر سے کرائے جنہوں نے چھ وکٹ حاصل کئے۔ ہوم گرائونڈ پر اس سے قبل کسی ون ڈے میں اسپنرز سے اتنے اووز نہیں کرائے گئے۔ محمد رضوان دو ،سرفراز احمد13، فہیم اشرف ایک اور محمد نواز چار رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔

تازہ ترین