پاکستان فلم و ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار احمد علی بٹ نے حکومت سے فنکاروں کو انکا حق دینے کی اپیل کردی ہے۔
اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ’وقت آ گیا ہے! ہمیں ایک برادری کی حیثیت سے جس میں فنکار، گلوکار، اداکار ، مصنف، ہدایتکار، پروڈیوسرز، کمپوزرز، ایڈیٹرز اور جتنے بھی لوگ شامل ہیں ہماری حکومت بطور انڈسٹری تسلیم کرے۔‘
اس ویڈیو میں انہوں نے پاکستانی فنکاروں اور شوبز انڈسٹری کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی مدد کریں ۔
احمد علی بٹ نے کہا کہ ’ہم لوگوں نے آج تک اپنی انٹرٹینمینٹ انڈسٹری کو قبول ہی نہیں کیا، جہاں اس انڈسٹری نے اتنے بڑے بڑے نام بنائے، میڈم نور جہاں، نصرت فتح علی خان صاحب، مہدی حسن صاحب سر فہرست ہیں ۔ لیکن آج تک ان کو کسی بھی حکومت نے ان کی ضرورت کے وقت مدد نہیں کی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس کی وجہ یہ ہے کہ ان کو کسی بھی گورنمنٹ نے تسلیم ہی نہیں کیا ہے۔‘
انہوں نے فنکاروں کے مسائل کے بارے میں ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم لوگ ہر بار تنقید کا نشانہ بنتے ہیں کہ انہوں نے لباس کیسا پہنا ہے،یہ کیا کررہے ہیں، انکی ذاتی زندگی میں کیا ہورہا ہے ، یہاں تک کہ ایک فنکارہ اسپتال کے بستر پر اپنا حق مانگ رہی ہوتی ہے۔‘
اداکار نے مزید کہا کہ ‘کبھی سوچیں کہ یہی فنکار آپ کی ہر خوشی میں شریک ہوتے ہیں، آپ کی مصنوعات بیچتے ہیںِ آپ کے فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے آتے ہیں ۔ تو میرا خیال ہے کہ اب وہ وقت ہے کہ انٹرٹینمینٹ انڈسٹری اور اپنے فنکاروں کو عزت دی جائے ، انکاحق دیں۔‘
اداکار احمد علی بٹ نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم آپ سے کوئی بھیک نہیں مانگ رہے۔ با خدا ہم اپنا خیال خود رکھ سکتے ہیں۔ ہم صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں اور اپنی پہچان ۔‘