پاکستان فلم اور ٹی وی انڈسٹری کے کامیڈین اداکار احمد علی بٹ نے تُرک اداکارہ اسراء بلجیک کی ٹوئٹ کو تصوراتی طور پر اپنے لیے سمجھ کر مزاحیہ رد عمل دے دیا۔
ہوا کچھ یوں کہ گزشتہ روز شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں حلیمہ سلطان کا کردار ادا کرنے والی اسراء بلجیک نے پاکستانیوں کیلئے ایک انوکھا پیغام شیئر کیا تھا۔
اسراء نے اپنے مختصر پیغام میں لکھا تھا کہ انہیں پاکستان میں اپنا نمبر ون مل گیا ہے۔
اداکارہ کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی تھی وہ کسے اپنا نمبر ون قرار دے رہی ہیں تاہم سوشل میڈیا صارفین کو اس ٹوئٹ نے شدید شش و پنج میں مبتلا کردیا اور وہ مختلف اندازے لگا رہے تھے۔
ایسے میں احمد علی بٹ نے بھی ان تبصروں میں حصہ لیتے ہوئے مزاحیہ پیغام شیئر کردیا جسے پاکستان میں موجود صارفین خوب پسند کررہے ہیں۔
احمد علی بٹ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنت پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں تو ایسی کسی بات کیلئے تیار ہی نہیں تھا، آخرکار اسراء نے مجھے ڈھونڈ ہی لیا۔‘
ساتھ ہی انہوں نے اسراء کا ٹوئٹ بھی اپنی اسٹوری میں شیئر کیا تاکہ جو صارفین اس سے آگاہ نہیں انہیں معلوم ہوجائے۔
واضح رہے کہ تُرک اداکارہ کی جانب سے اس قدر مختصر اور بغیر کسی اشارے کے کئے گئے ٹوئٹ نے پاکستانی شائقین کو حیرت اور گومگو کی کیفیت میں مبتلا کردیا اور یہ ٹوئٹ سوشل میڈیا پر ایک گرما گرم موضوع بن گیا تھا، یہاں تک کہ اس ٹوئٹ نے پاکستان کی فنکار برادری کی توجہ بھی اپنی جانب مبذول کروالی ہے۔
پاکستانی شائقین کی جانب سے اداکارہ کے ٹوئٹ پر تبصرے کرتے ہوئے اندازے لگائے گئے کہ پاکستان میں ایسا کون ہے جو اسراء کا نمبر ون ہوسکتا ہے۔