• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق قومی کرکٹرز کی جوانی کی تصویر سوشل میڈیا پر مقبول

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد یوسف نے سابق کرکٹرز اظہر محمود، ثقلین مشتاق اور شاہد خان آفریدی کی جوانی کے دنوں کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔

محمد یوسف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماضی کی ایک نایاب تصویر شیئر کی جس میں سابق کرکٹر ثقلین مشتاق، اظہر محمود اور شاہد خان آفریدی کو دیکھا جاسکتا ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر کی گئی تصویر سابق کرکٹرز کی جوانی کے دنوں کی ہے جس میں اظہر محمود سفید لباس میں ملبوس سر پر ٹوپی پہنے کھڑے ہیں۔

تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق آف اسپنر ثقلین مشتاق کیمرہ کی طرف دیکھ کر مُسکرا رہے ہیں جبکہ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈ شاہد خان آفریدی حیرت زدہ انداز میں کھڑے ہیں۔

محمد یوسف نے یہ یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ہائے یہ جوانی۔‘

دوسری جانب اظہر محمود نے محمد یوسف کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’بھائی! یہ جوانی پھر نہیں آنی۔‘

سابق قومی کرکٹرز کی یادگار تصویر کو سوشل میڈیا پر خوب پسند کیا جارہا ہے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید