• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: یکطرفہ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ فاتح

جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور ہوم ٹیم کو جیت کے لیے صرف 141 رنز کا ہدف دیا۔

میچ کے آغاز میں ہی ان فارم محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شرجیل خان صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

پاکستان ٹیم کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرتی رہیں اور کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

کپتان بابر اعظم نے 50 جبکہ محمد حفیظ نے 32 رنز کی اننگز کھلی جبکہ دیگر بیٹسمین میں حیدر علی اور حسن علی 12، 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لِنڈا اور لزاد ولیمز 3، 3 وکٹیں لے کر پاکستان ٹیم کی تباہی کا سامان بنے۔

وانڈررز پر آسان ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ نے ہدف 14ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہی پورا کرلیا۔

پروٹیز کی جانب سے ایک مرتبہ پھر آئیڈن مارکرم پاکستان کے لیے سردرد بن گئے جنھوں نے 54 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ کپتان ہینرک کلاسین 36 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ 

پاکستان کی جانب سے عثمان قادر نے جبکہ حسن علی اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

میچ میں بہترین بولنگ پرفارمنس دینے پر جارج لِنڈا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے جبکہ سیریز کا تیسرا میچ 14 اپریل کو سنچورین میں کھیلا جائے گا۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔

واضح رہے کہ دورے کے دوران شاہینوں نے پروٹیز کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے زیر کیا تھا۔

تازہ ترین