• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وی سی جامعہ بلوچستان و دیگر کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان نے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر ڈاکٹر شفیق الرحمان، رجسٹرار گل محمد کاکڑ اور ٹریژرار جیئند خان جمالدینی پر عدالت عالیہ کے واضح احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر آج تو ہین عدالت کی درخواست دائر کردی۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی جامعہ بلوچستان نے اپنی درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ عدالت عالیہ نے حکم دیا تھا کہ جامعہ کے ملازمین کو 12 مارچ پیر تک مکمل تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے اور جامعہ بلوچستان میں مالی بحران، انتظامی بدحالی ،ریٹائرڈ کنٹریکٹ ملازمین کے حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کر ے لیکن آج تک تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی گئی جو عدالتی احکامات کےخلاف ہے۔ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ ،آفیسرز اور ملازمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے جامعہ بلوچستان کے نااہل اور غیر قانونی طور پر مسلط وائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر خزانہ افسر اور دیگر اعلیٰ افسران کی عدم دلچسپی اور نااہلیت کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔ اعلیٰ انتظامی افسران کی وجہ سے جامعہ بلوچستان سخت مالی اور انتظامی بحران کا شکارہے اساتذہ کرام و دیگر ملازمین کو مکمل تنخواہ اور ریٹائرڈ ملازمین کو پینشن کی ادائیگی عرصہ دراز سے وقت پر نہیں ہورہی جبکہ سینڈیکٹ کے 87ویں اور 88ویں اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے برخلاف اساتذہ اور ملازمین دشمن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اس صورت حال کی وجہ سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اپنے جائز مطالبات کے حق میں پر امن احتجاج شروع کیا، کامیاب احتجاج کی بدولت صوبائی حکومت نے جامعہ بلوچستان کو 25کروڑ روپے ادا کئے اور ایچ ای سی سے بھی اپریل کے مہینے سے ماھوار 13 کروڑ روپے سے زائد رقم کی ادائیگی شروع ہوچکی ہے جبکہ جامعہ بلوچستان کی اپنی آمدن بھی 10 کروڑ روپے ہے اس طرح جون 2021 تک جامعہ بلوچستان کو 75 کروڑ روپے سے زائد رقم ملےگی جبکہ جامعہ کے تمام ملازمین کی مکمل تنخواہیں بشمول پینشن و جی پی فنڈ جون 2021تک 65 کروڑ روپے بنتی ہے لیکن عدالت عالیہ کے واضح احکامات اور رقم کی موجودگی کے باوجود وائس چانسلر خزانہ آفیسر اور دیگر اعلیٰ افسران ملازمین کو مکمل تنخواہ اور پینشنرز کو وقت پر پینشن کی ادائیگی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈال رہے ہیں جو عدالت عالیہ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے بلکہ ملازمین کو اشتعال دلانے کے مترادف ہے جو قابل گرفت عمل ہے ۔
تازہ ترین