• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حمید گل کے بیٹے کےخلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

کراچی (ٹی وی رپورٹ)تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ سعد حسین رضوی کی گرفتاری پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کے جرم میں سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل حمید گل کے بیٹے عبداللہ گل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔حمید گل کے صاحبزادے عبداللہ گل کے خلاف ایف آئی آر تھانہ ایئرپورٹ راولپنڈی میں انچارج چوکی گلریز کے سب انسپکٹر محمد عمر کی مدعیت میں درج کی گئی۔ایف آئی آر کے مطابق عبداللہ حمید گل نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں کہا کہ میں اپنی تحریک نوجوانان پاکستان موومنٹ کوکال دوں گا کہ سعد رضوی میرا بھائی ہے اور میں اس کی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق عبداللہ حمید گل نے مزید کہا کہ اگر سعد رضوی کو رہا نہ کیا گیا تو میں اپنی تحریک اس میں شامل کر دوں گا اور آپ دیکھیں گے کہ دما دم مست قلندر ہو گا۔ پولیس نے مذکورہ ویڈیو کو بھی بطور ثبوت ضبط کر لیا ہے اور ایف آئی آر میں کہا ہے کہ عبداللہ نے جوانان پاکستان موومنٹ کے ذریعے ریاست کو دھمکی دے کر نفرت کو ابھار کر انارکی اور تشدد کی فضا پیدا کی اور عوام الناس میں خوف و ہراس پیدا کرکے ریاست کی رٹ کو چیلنج کیا۔اس سلسلے میں مزید کہا گیا کہ سعد رضوی کی رہائی کا مطالبہ کر کے عبداللہ حمید گل نے حالیہ جاری احتجاج اور ریاستی املاک کو نقصان پہنچانے کی روش کو مزید تقویت دے کر جرم کا ارتکاب کیا ہے جس پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جاتا ہے۔پولیس نے عبداللہ حمید گل کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

تازہ ترین