• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان ایشیائی بینک کو 40 کروڑ ڈالرز قرض پر 22 لاکھ ڈالرز کمٹمنٹ چارجز دیگا

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان ایشیائی ترقیاتی بینک کو40 کروڑ ڈالرز قرض پر 22 لاکھ ڈالرز کمٹمنٹ چارجزادا کرے گا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے بجلی و پٹرولیم تابش گوہر کا کہنا ہے کہ قرض کی رقم استعمال نا کرنے کی وجہ سے کمٹمنٹ چارجز کئی برس سے ادا کیے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) سے لیے گئے 40 کروڑ ڈالرز قرض پر رواں برس 22 لاکھ ڈالرز کمٹمنٹ چارجز کی مد میں ادا کرنا ہیں۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ پاکستان نے یہ قرضہ 2015 میں لیسکو اور آئیسکو میں ایڈوانس میٹرنگ انفراسٹرکچر (اے ایم آئی) لگانے کے لیے حاصل کیا تھا، جس کا مقصد بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری میں بہتری تھی۔ تاہم، ڈسکوز میں یہ میٹرز نہیں لگائے جاسکے۔ حکومت نے 2018 تک اے ڈی بی کو کمٹمنٹ چارجز کی مد میں 10 لاکھ ڈالرز ادائیگی کی تھی تاہم اب یہ چارجز بڑھ کر 22 لاکھ ڈالرز تک پہنچ چکے ہیں۔ن لیگ کی حکومت نے 2018 میں اس منصوبے کو اس وقت غیرفعال کیا تھا جب سردار اویس احمد خان لغاری وفاقی وزیر بجلی تھے اور انہوں نے بتایا تھا کہ بجلی ترسیلاتی کمپنیوں نے اے ایم آئی منصوبے کو یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا ہے کہ اس میں بہت سی خامیاں ہیں۔ تاہم، پی ٹی آئی حکومت نے دوبارہ اس منصوبے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس پر کام بھی شروع کردیا تھا لیکن ڈھائی سال بعد بھی اس منصوبے پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔

تازہ ترین