ماسکو(جنگ نیوز)روس نے جاسوسی کے الزام میں یوکرائن کے سفارت کار کو حراست میں لے لیا۔
روسی میڈیا کے مطابق ایف ایس بی (فیڈرل سیکیوریٹی سروس) نے سفارت کار اولیک سینڈر سوسونیوک کواس وقت گرفتار کیا، جب وہ ایک روسی شہری سے روس کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیٹا بیس میں موجود خفیہ معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
یوکرائنی وزارت خارجہ نے سوسونیوک کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اولیک سینڈر کو چند گھنٹے حراست میں رکھ کر سینٹ پٹس برگ میں واقع یوکرائنی سفارت خانے واپس بھیج دیا گیا۔
یوکرائن نے سوسونیوک کی حراست کو سفارتی آداب کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ روسی فیڈریشن میں ایک سفارت کار کے ساتھ اس طرح کا سلوک نا مناسب ہے۔
کیوں کہ غیر ملکی سفارت کاروں کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق برتاؤ کیا جاتا ہے۔