• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی اردو کانفرنس کا آج سے آغاز، ٹریفک پلان جاری

آرٹس کونسل کراچی میں جیو کے اشتراک سے چار روزہ عالمی اردو کانفرنس آج شروع ہوگی، کانفرنس کی افتتاحی تقریب کا انعقاد وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں کیا گیا ہے، پولیس نے عوام کی سہولت کیلئے ٹریفک پلان جاری کردیا۔

چار روزہ 17ویں عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب آج شام 5  بجے وائی ایم سی گراونڈ میں ہوگی، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ مہمان خصوصی ہوں گے۔

کانفرنس میں ملکی و غیرملکی ادیب اور شعراء شرکت کریں گے، صدر آرٹس کونسل احمد شاہ کا کہنا ہے کہ کانفرنس میں 64 سیشنز ہوں گے، آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے سیشن میں اس کے فوائد اور نقصانات پر بات ہو گی۔

شرکاء کے لئے بڑی تعداد میں کرسیاں لگائی گئی ہیں جبکہ اسٹیج بھی تیار کیا گیا ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ خطبہ استقبالیہ جبکہ حمید ہارون کلیدی مقالہ پیش کریں گے۔

تقریب میں آرٹس کونسل کے قیام کے 70 سالہ جشن کے موقع پر کیک بھی کاٹا جائے گا اور ایوارڈ بھی دیئے جائیں گے۔

دوسرے اجلاس ”میں ہوں کراچی‘‘ میں انور مقصود، تابش ہاشمی اور وسیم بادامی گفتگو کریں گے۔

عالمی اردو کانفرنس پر ٹریفک پلان جاری

عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے قبل وائے ایم سی اے گراونڈ اور اطراف میں ٹریفک کے لیے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

ٹریفک پولیس کے اعلامیہ کے مطابق عالمی اردو کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے چار روز تک ایم ار کیانی چوک سے ایوان صدر روڈ شام 4 سے رات 9  بجے تک بند رہے گا۔

مسجد اہلحدیث سے سندھ اسمبلی آنیوالا روڈ کورٹ روڈ بھی بند رہیگا، جبکہ پریس کلب چوک سے ایوان صدر روڈ، پریس کلب چوک سے دین محمد وفائی روڈ اور شاہین کمپلیکس سے ایم آر کیانی چوک پر کمرشل گاڑیوں کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

اردو کانفرنس کی وائی ایم سی اے میں ہونے والے سیشن میں شرکت کے لیے آنے والوں کے لیے سرور شہید روڈ، پولو گراونڈ کے سامنے، سندھ اسمبلی کے سامنے اور فیزی لائبریری کے سامنے پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید