• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی کمیونٹی سینٹرمانچسٹر میں فوڈ بینک کا انعقاد، دکھی انسانیت کی خدمت فرض اولین ہے، انیل مسرت

مانچسٹر(غلام مصطفیٰ مغل) الرافعیہ مسرت فاؤنڈیشن،سمائیل ایڈز، گریٹر مانچسٹر پاکستانی ایسوسی ایشن، مانچسٹر سٹی کونسل او ر دیگر اداروں کے اشتراک سے پاکستانی کمیونٹی سنٹر میں ماہ رمضان کے حوالہ سے فوڈ بینک کا انعقاد کیا گیا جس میں ضرورت مند اور بے گھر افراد میں رمضان گفٹ پیکچ تقسیم کیے گئے جس سے ہزاروں افراد مستفید ہو سکیں گے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی انیل مسرت نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرب الٰہی کے لیے دکھی انسانیت کی خدمت اپنا اولین فریضہ سمجھتا ہوں۔ ان کا مذید کہنا تھاکہ ہم میانوالی پاکستان میں رافعیہ مسرت ہسپتال قائم کر رہے ہیں جس سے فیصل آباد چنیوٹ اور گرد ونواح کے علاقوں میں بسنے والے افراد اس سے مستفید ہو سکیں گے۔اسکے علاوہ پاکستان بھر کے مختلف شہروں میں ایسے ہسپتال قائم کیے جائیں گے جس سے پاکستان کے اندر صحت مند معاشرہ قائم ہو سکے ۔پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال اور احتجاجی مظاہروں بارے انکا کہنا تھاکہ احتجاج کرنا عوام کا جمہوری حق ہے، ہر شہری احتجاج کر سکتا ہے لیکن ریاستی اداروں پر تشدد غیر قانونی ہے جس سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑ سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاجدار ختم نبوت پر ہمارا ایمان ہے، جو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر ایمان کامل رکھتا ہے وہی سچا مسلمان بنتا ہے۔ ہمارے آقائے دو جہاں سارے عالم کے لیے مثال تھے اور تاقیامت رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کا گہرا رشتہ ہے، مظاہرین اور ریاست کی طرف سے ہونے والے تشدد میں جان کی بازی ہارنے والے سبھی کلمہ گو مسلمان تھے، ایسا قانون وضع ہونا چاہیے جس سے آئندہ ایسے واقعات جنم نہ لیں۔پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا، قانون کا احترام کرنا ہم سب پر فرض ہے۔ حاجی شہباز سرور نے کہا کہ برطانیہ میں فلاحی تنظیمیں بے گھر افراد اور مستحق افراد کو اشیائے خوردونوش مہیا کر کے ثواب دارین حاصل کر رہی ہیں، پاکستانی کمیونٹی کے افراد خیراتی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، ہارون کھٹانہ نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے سبب لاکھوں افراد متاثر ہوئے ، ملکی معیشت کا برا حال ہوا مگر مخیر حضرات کی مدد سے لوگوں کو واپس زندگی کی طرف لانا ہو گا، اس موقع پر استاد محمد صفدر، چوہدری اعجاز الحق ،چوہدری محمد نجیب اللہ، محمد صفدر بلوچ کے علاوہ دیگر افراد نے شرکت کی ۔

تازہ ترین