• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وہائٹ ہال میں شرمناک لابنگ پر قابو نہ پایا تو ریڈوال میں شکست یقینی

لندن (پی اے) ٹوری پارٹی کے ایک سینئر رکن پارلیمنٹ سر برنارڈ جنکن نے متنبہ کیا ہے کہ اگر وزیراعظم وہائٹ ہال میں جاری شرمناک لابنگ پر کنٹرول نہیں کرسکے تو عام انتخابات میں لیبر پارٹی سے چھینی ہوئی نشستوں سے محروم ہوجائیں گے۔ سربرنارڈ جنکن نے کہا کہ فی الوقت جاری لابنگ سے عوام کاا عتماد پامال ہو رہا ہے۔ ڈیوڈ کیمرون کی جانب سے ایک دیوالیہ ہوجانے والی مالیاتی فرم کےحوالے سے ڈیوڈ کیمرون کے بعض وزراء سے مبینہ رابطوں پر تنقید کے بعد یہ صورت حال سامنے آئی ہے۔ جس کے بعد وزراء اور اعلیٰ حکام کے درمیان رابطوں کے حوالے سے ایک تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ سربرنارڈ نے آبزرور میں شائع ہونے والے اپنے مضمون میں وزیراعظم بورس جانسن کو مخاطب کرتے ہوئے لکھاہے کہ اگر وہ خود کو اشرافیہ کی پہنچ سے بالاتر اور زیادہ شفاف اور صاف ستھرے ثابت نہیں کرسکے تو لیبر پارٹی کے وہ ووٹر، جنھوں نے انھیں کامیابی دلوائی تھی، اگلے انتخابات میں انھیں مسترد کردیں گے۔ سر برنارڈ نے لکھا ہے کہ کسی شہری کا دولت کمانا کوئی بری بات نہیں ہے لیکن ہمارا ایک نظام ہے جس میں سرکاری عہدےا ور نجی فوائد کے درمیان لکیر کھینچ دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ماضی کی حکومتوں کی ناکامی تھی کہ وہ انتظامیہ اور تاجروں کے درمیان تعلقات کے حوالے سے زیادہ شفاف ثابت نہیں ہوسکیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ اس بحران نے سیاست اور وہائٹ ہال کے کردار کے دوبارہ تعین کا موقع فراہم کردیا ہے، جس سے عوام کا اعتماد بحال ہونا شروع ہوسکتا ہے۔ ڈائوننگ سٹریٹ کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے معاملات کی غیر جانبدارانہ تفتیش کا حکم دے دیا ہے، جس کی رپورٹ شائع کی جائے گی۔وزیراعظم کا عہدہ چھوڑنے کے بعد ڈیوڈ کیمرون نے گرین سل کیپٹل کی ملازمت اختیار کرلی ہے اور ان پر الزام ہے کہ انھوں نے اس فرم کو زیادہ سرکاری قرضے دلوانے کیلئے حکومت پر دبائو ڈالا تھا۔ سابق وزیراعظم اس فرم کی جانب سے مختلف مواقع پر وزراء کے ساتھ لابنگ کرنے کی وجہ سے ان دنوں تنقید کا نشانہ بنے ہوئے ہیں۔ گزشتہ ہفتے یہ بات سامنے آئی تھی کہ حکومت کے ایک سابق پروکیور منٹ افسر نے سرکاری ملازم ہوتے ہوئے گرین سل میں مشیر کی حیثیت سے کام شروع کردیا تھا اور اس نے کیبنٹ آفس سے اس کی منظوری حاصل کرلی تھی۔ کنزرویٹو پارٹی کے لارڈ ایرک پکلز نے کہا ہے کہ وزراء ا ور اعلیٰ افسران کے پرائیویٹ کمپنیوں میں ملازمت کے حوالے سے قوانین میں اصلاح کی ضرورت ہے۔ لیبر پارٹی کے قائد سر کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ موجودہ سسٹم کام نہیں کر رہا ہے، لابنگ کے حوالے سے سخت قوانین کی ضرورت ہے۔

تازہ ترین