وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بلاول کی کورونا پر نادان سیاست شرمناک حرکت ہے۔
شہباز گِل نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ پوری دنیا میں کورونا پھر سے پھیل رہا ہے۔
انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ بھارت ، فرانس، ایران، اٹلی، برازیل، امریکا، اسپین میں سب جگہ پھر سے مثبت کیسز بڑھنے کی وجہ خیبر پختونخوا اور پنجاب حکومت ہے کیا؟
انہوں نے بلاول بھٹو سے سوال کیا کہ ابھی چند ہفتے پہلے پورے پاکستان کے مثبت کیسز میں 40 فیصد کراچی سے تھے، تب آپ کہاں تھے؟
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ جب وزیرِ اعظم کورونا وائرس کا شکار ہو کر احتیاط نہ کرے تو عام آدمی کیسے ایس او پیز کا خیال کرے گا؟