• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذلت نون لیگ کا مقدر بن چکی ہے، قادر مندوخیل

کراچی کے حلقے این اے 249 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار قادر مندوخیل کا کہنا ہے کہ نون لیگ نے اپنا اعتماد کھو دیا ہے، ذلت نون لیگ کا مقدر بن چکی ہے۔

اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےپیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل کاکہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے کہا تھا نون لیگ کامیاب ہوتی تو خود مریم کو مبارکباد دیتا ۔

قادر مندوخیل کاکہنا ہے کہ استعفوں کا کہنے والے ایک سیٹ کے لیے بلاول کے پاس ملازم اعلیٰ بھیج رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ این اے249 کراچی کےتمام نتائج موجود ہے انشاءاللہ دوبارہ گنتی میں بھی کامیاب ہوں گے۔

قادر مندوخیل نے کہاکہ مریم نواز کو جلسے کی ناکامی کا علم ہوا تو کورونا کی وجہ سے دورۂ کراچی ہی ملتوی کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے 249 کراچی میں دوبارہ گنتی کی نون لیگ کے امیدوار مفتاح اسماعیل کی درخواست منظور کر لی ہے۔

الیکشن کمیشن نے مفتاح سماعیل کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تمام جماعتیں 6 مئی کو آر او آفس پہنچ جائیں، 6 مئی کی صبح 9 بجے ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہو گی۔

تازہ ترین