• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی،چیف ٹریفک آفیسر

پشاور(کرائم رپورٹر) چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک نظام میں مزید بہتری لانے اور تجاوزات مافیا کیخلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے گزشتہ روز جی ٹی روڈ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ڈی ایس پی ٹریفک ذکاء اللہ اور دیگر ٹریفک افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے ٹریفک کی روانی اور سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کے خلاف کی جانیوالی کارروائیوں کے نتیجے میں آنیوالی بہتری کا جائزہ لیا جس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیاں کریں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک عملہ فٹ پاتھوں کو تجاوزات مافیا سے واگزار کرائیں تاکہ پیدل چلنے والوں کو بھی کسی قسم کے مشکلات درپیش نہ ہوں۔ چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے کہا ہے کہ تجاوزات مافیا کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اس سلسلے میں تاجر برادری سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ تعاون کریں تاکہ شہر کی خوبصوررتی کو یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کرنے کے بعد چیک اینڈ بیلنس رکھیں تاکہ تجاوزات مافیا دوبارہ اپنے حدود سے تجاوز نہ کریں جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نو پارکنگ زون میں گاڑیاں کھڑی کرنا نا قابل برداشت ہے کیونکہ اس سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس کا عملہ شہر بھر میں کورونا وائرس سے بچنے سے متعلق اور ٹریفک قوانین بارے آگاہی کا سلسلہ جاری رکھیں کیونکہ اس کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور اس سلسلے میں کسی کیساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں سماجی فاصلے کو یقینی بنایا جائے اور ماسک نہ پہننے والوں کیخلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پشاور سے مزید