• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 05 مئی ، 2021

خوشاب PP 84 ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری




پنجاب کے ضلع خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔

خوشاب: سادہ لوح خاتون ووٹ کہاں ڈال گئی؟

پنجاب کے ضلع خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے پولنگ اسٹیشن 205 پر اس وقت دل چسپ صورتِ حال سامنے آئی جب ایک سادہ لوح خاتون ووٹر بیلٹ باکس میں ووٹ ڈالنے سے لا علم نکلی۔

خاتون ووٹر نے مہر لگانے کے عمل کو خفیہ رکھنے کے لیے رکھی گئی گتے کی اسکرین میں اپنا ووٹ ڈال دیا ۔

پتہ چلنے پر پریزائیڈنگ آفیسر نے گتے کی اسکرین سے خاتون کا ووٹ نکال کر خاتون سے بیلٹ باکس میں ڈلوایا۔

نون لیگی امیدوار نے ووٹ کاسٹ کر دیا

خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 84 سے مسلم لیگ نون کے امیدوار ملک معظم شیر کلو نے اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔

پی ٹی آئی والے زبردستی مہر لگوا رہے ہیں: عطاء تارڑ

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ ووٹرز پر دباؤ ڈال کر مرضی سے مہریں لگوا رہے ہیں۔

مسلم لیگ نون کے رہنما عطاء تارڑ نے خوشاب پی پی 84 کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں کا دورہ کیا ہے۔

عطاء تارڑ نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول جمالی بلوچاں میں قائم پولنگ اسٹیشن کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا، ٹرن آؤٹ کافی بہتر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمالی بلوچاں پولنگ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کے غیر متعلقہ لوگ موجود ہیں، پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ ووٹرز پر دباؤ ڈال کر مرضی سے مہریں لگوا رہے ہیں۔

عطاء تارڑ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشن سے باہر نکال دیا گیا ہے، ریٹرننگ آفیسر سے درخواست ہے کہ مانیٹرنگ کیلئے نمائندے بھجوائیں۔

عطاء تارڑ کی میڈیا ٹاک کے دوران پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ان کے خلاف نعرے بازی کی۔

پولنگ اسٹیشن میں بچے کی پیدائش

خوشاب کے پولنگ اسٹیشن نمبر 81 میں جہاں ووٹر ووٹ کاسٹ رہے تھے وہیں ایک حاملہ خاتون نے بچے کو جنم دیا۔

خوشاب کے ضمنی انتخاب میں ایک دیہی مرکز صحت کو بھی پولنگ اسٹیشن بنایا گیا، جہاں خاتون مریضہ مقررہ وقت پر طبی امداد کے لیے پہنچی۔

علاقے میں تعطیل کی وجہ سے ڈاکٹر ڈیوٹی پر نہیں تھی، تاہم انھیں فون کرکے بلایا گیا۔

طبی امداد کے بعد خاتون نے بچے کو جنم دیا، جبکہ زچہ اور بچہ دونوں خیریت سے ہیں۔

نومولود کے والد نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرا پہلا بچہ ہے، مجھے بہت خوشی ہے کہ یہ الیکشن کے دن پیدا ہوا ہے۔

نون لیگی، PTI کارکن آمنے سامنے آ گئے

خوشاب کے جمالی بلوچاں گرلز ہائی اسکول میں واقع پولنگ اسٹیشن نمبر 156 پر مسلم لیگ نون اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکن آمنے سامنے آگئے۔

دونوں جماعتوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور سخت زبان بھی استعمال کی گئی۔

پی ٹی آئی اور نون لیگی کارکنوں میں ووٹ کاسٹ کرنے سے روکنے پر جھگڑا ہوا، دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کے درمیان ہنگامہ آرائی کے بعد کشیدگی پائی جاتی ہے۔

بغیر پرچی ووٹرز کو واپس بھیج دیا گیا

ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، پولنگ اسٹیشن نمبر 210 پر کئی ووٹرز بغیر پرچی کے ووٹ ڈالنے پہنچے۔

پولیس اہلکار بغیر پرچی کے آنے والے ووٹرز کو واپس بھیجتے رہے۔

ٹانگ سے معذور شخص نے ووٹ ڈالا

خوشاب کے علاقے جوڑاں کلاں کا رہائشی ایک ٹانگ سے معذور رحیم بخش بھی ووٹ ڈالنے پہنچا جس نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔

رحیم بخش کا کہنا تھا کہ ووٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے یہ فرض ادا کرنے آیا ہوں۔

ڈی پی او خوشاب کا پولنگ اسٹیشنز کا دورہ

ڈی پی او خوشاب محمد نوید نے مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کیا اور وہاں کیئے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

ڈی پی او خوشاب نے ان پولنگ اسٹیشنز پر عملے کو کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرانے کی ہدایت بھی کی۔

خوشاب پی پی 84 کے امیدوار

خوشاب PP 84 ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری
   غلام حبیب احمد کلیرا، پی پی پی                    معظم شیر کلو، مسلم لیگ نون                       سردار علی حسین بلوچ، پی ٹی آئی


خوشاب PP 84 ضمنی انتخاب، ووٹنگ جاری
                صاحبزادہ اصغر علی طاہری                                        آزاد امیدوار، امجد رضا گجر

خواتین ووٹرز کی کورونا SOPs کی خلاف ورزی

خواتین کے پولنگ اسٹیشن نمبر 211 پر رش ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر خواتین کی جانب سے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔

ووٹر بلا خوف ووٹ ڈالنے آئیں: الیکشن کمشنر کی اپیل

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ووٹرز سے ووٹ ڈالنے آنے کی اپیل کر دی۔

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کا کہنا ہے کہ ووٹرز بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالنے آئیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حلقے میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔

الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے یہ ہدایت بھی کی کہ ووٹرز کورونا وائرس کی ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔

خوشاب: پگڑی، دھوتی پہنے ووٹر کی انٹری

مٹھہ ٹوانہ بوائز ہائی اسکول میں ایک بزرگ ووٹرز روایتی انداز میں سر پر پگڑی، پاؤں میں کھسہ اور دھوتی پہن کر ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچ گئے۔

کئی پولنگ اسٹیشنوں پر کافی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے، نوجوان، بزرگ اور خواتین ووٹرز اپنے گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔

ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو انتخابی نتائج جاری ہونے تک فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ نون کے رکن ملک وارث کلو کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر 8 امیدواروں کے درمیان الیکشن ہو رہا ہے۔

پی ٹی آئی کے علی حسین خان، نون لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔


حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 13 کو انتہائی حساس جبکہ 43 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

پی پی 84 میں 2 لاکھ 92 ہزار 687 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں سے مرد ووٹرز 1 لاکھ 55 ہزار 104 جبکہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 37 ہزار 583 ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے 540 رینجرز اور 2 ہزار 800 پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔

حساس پولنگ اسٹیشنوں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔