خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 84 پر 5 مئی کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں تیاریاں مکمل اور انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، حلقے میں انتخابی مہم آج رات 12 بجے ختم ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 84 خوشاب کے ضمنی انتخابات میں 8 امیدواروں کے درمیان الیکشن ہوگا جن میں پی ٹی آئی کے علی حسین خان، نون لیگ کے ملک معظم کلو، پیپلزپارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔
اس کے علاوہ امجد رضا، اورنگزیب، عمران حیدر خان، الیاس خان آزاد اور کالعدم جماعت کے اصغر علی شامل ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے بتایا کہ بیلٹ پیپرز سمیت پولنگ سامان ریٹرننگ آفیسر کو بھیج دیا گیا، صوبائی الیکشن کمشنر غلام اسرار خان خوشاب پہنچ گئے ہیں۔
الیکشن انتظامات کے لئے ضلعی انتظامیہ،رینجرز اور پولیس سے تبادلہ خیال جاری ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ حلقہ پی پی 84 تحصیل نور پور تھل ، قائد آباد اور خوشاب کے علاقوں پر مشتمل ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 687 ہے، جبکہ 229 پولنگ اسٹیشنوں میں سے 43 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ضمنی الیکشن کے موقع پر 500 رینجرز ، 2800 پولیس اہلکار امن امان قائم رکھنے کیلئے ڈیوٹی دیں گے، حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کر دیئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ پریزائیڈنگ افسران کے ساتھ پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی ہے، جبکہ اسلام آباد اور لاہور میں بھی کنٹرول رومز قائم کر دیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ خوشاب حلقہ پی پی 84 کی نشست نون لیگ کے ملک وارث کلو کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔