• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹیسٹ، عابد، اظہر کی سنچریوں کو مڈل آرڈر نے گہنا دیا، پاکستان کے 268 پر4 آؤٹ

زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز  پاکستان کی دو سنچریاں


کراچی، ہرارے ( اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز دو سنچریوں کو پاکستانی مڈل آرڈر بیٹنگ کی ناکامی نے گہنا دیا۔ ایک موقع پر گرین کیپس نے 248 رنز پر ایک وکٹ کھوئی تھی لیکن 264 تک چار بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔ پہلے روز کھیل کے آخری لمحات میں کپتان بابر اعظم اور فواد عالم جیسے تجربے کار کامیاب بیٹسمینوں کی ناکامی کے باعث پاکستان نے چار وکٹ پر 268 رنز بنائے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے اس بار بھی انتہائی سست رفتار آغاز کیا۔ اوپنر عمران بٹ صرف دو رنز بناکر آئوٹ ہوگئے ۔ عابد علی اور اظہر علی نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 236رنز بنائے۔ یہ عابد علی کی ٹیسٹ کیریئر میں دوسری سنچری ہے،وہ 246 گیندوں پر 118 کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں ، ساجد خان ایک رن بناکر ان کے ساتھ کریز پر موجود ہیں ۔ اظہر علی نے240گیندوں کا سامنا کیا ، انہوں نے 17چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے126رنز بنائے، یہ ان کی 18ویں ٹیسٹ سنچری ہے۔ زمبابوے نے 80اوورز کے بعد جب نئی بال لی تو پاکستان کے سیٹ بیٹسمینوں کو کھیلنے میں مشکل پیش آنے لگی۔ اننگز کے 83ویں اوور میں اظہر علی مزربانی کی بال پر شمبا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے،4رنز کے اضافہ سے پاکستانی کپتان بابر اعظم کی بڑی وکٹ گری، وہ 2رنز بناکر کسوزا کے ہاتھوں مزربانی کی گیند پر آئوٹ ہوگئے۔ فواد عالم کو87ویں اوو میں مزربانی نے 5کے انفرادی اسکور پر کلین بولڈ کردیا۔ پاکستان نے 16رنزکے اندر 3وکٹیں گنوادی تھیں۔ پاکستان نے 4وکٹ پر 268 رنز کے ساتھ کھیل ختم کیا۔ زمبابوے کی جانب سے مزربانی نے 41رنزدے کر 3اور نگاراوا نے 34رنز دے کر ایک وکٹ لی۔میچ میں دونوں ٹیموں نے تبدیلیاں کی ہیں۔ پاکستان کی طرف سے تابش خان نے ڈیبیو کیا ہے جبکہ زمبابوے نے لیوک جونگوے کو موقع دیا ہے۔

تازہ ترین