• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نماز عید کھلی جگہ پر، ماسک لازمی، رش کم کرنے کیلئے دو سے تین جماعتیں کرائی جائیں

کراچی، اسلام آباد(جنگ نیوز، اسٹاف رپورٹر، خبرایجنسیاں)نماز عید کھلی جگہ پر، ماسک لازمی، رش کم کرنے کیلئے 2سے 3جماعتیں کرائی جائیں، عید گاہ میں 6فٹ فاصلے پر نشانات لگائے جائیں ، بیمار افراد، بزرگ اور 15سال سے کم عمر بچوں کو نہ آنے دیا جائے۔ 

NCOC نے رہنما ہدایات جاری کردیں، دوسری جانب ملک بھر میں کورونا سے ہلاکتیں19ہزار سےتجاوز کرگئیں، پاکستان 29ویں نمبر پر آگیا، 24گھنٹوں میں مزید 3084افراد کورونا میں مبتلا، مثبت کیسز کی شرح8 فیصد ہوگئی۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے عیدالفطر کے لیے گائیڈ لائنز کی منظوری دے دی،این سی او سی کے سربراہ اسد عمر کی زیرصدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اور دیگر شریک ہوئے۔این سی او سی نے عیدالفطر کے لیے گائیڈلائنز کی منظوری دے دی جس کے تحت عید کی نماز کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلی جگہوں پر پڑھائی جائے۔

اگر مسجد کے اندر نماز پڑھانا ضروری ہو تو دروازے اور کھڑکیاں کھلی رکھیں،مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے 2سے 3جماعتیں کرائی جائیں اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔

این سی او سی کی گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں، مساجد کے داخلی راستوں پر ہینڈ سینیٹائزر رکھے جائیں اور نمازیوں کے درمیان 6 فٹ کا فاصلہ رکھا جائے، نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں جب کہ گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں،نماز کے بعد ہجوم نا بنائیں۔

دوسری جانب ملک میں کورونا کی ہلاکت خیزیاں جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 113 افراد وائرس سے انتقال کرگئے۔، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کے 38883 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 3084 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ، کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.93 فیصد رہی۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 19 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے جو 19106 تک جا پہنچی ہے جب کہ کل کیسز کی تعداد 8 لاکھ 64557 ہوگئی ہے۔ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 78959 ہے اور اب تک کورونا سے 7لاکھ 66492 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔

ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 12مریض انتقال کر گئے اور 812 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، صوبے میں اس وقت 17891 مریض زیر علاج ہیں، 666 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جن میں 62 کو وینٹی لیٹرزپر منتقل کیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق 812 نئے کیسوں میں سے 441 کا تعلق کراچی سے ہے جن میں ضلع شرقی 165 ، ضلع جنوبی 148 ، ضلع وسطی 72 ، ضلع ملیر 28 ، ضلع غربی16 اور ضلع کورنگی 12 شامل ہیں۔

تازہ ترین